مسلم لیگ نون کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہاز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی آئی ایم ایف چلے گئے، خود کشی بھی نہیں کی۔
لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں مسلم لیگ نون کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی نے عوام کو خود کشی پر مجبور کر دیا ہے، حکومت مہنگائی کی چھری سے عوام کا گلا اور جیب کاٹ رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ظالم حکمرانوں سے عوام پر مہنگائی کا ظلم کرنے کا اختیار چھیننا ہو گا، یہ وہ لوگ ہیں جو قوم کو 46 روپے لیٹر پیٹرول دینے کے سبز باغ دکھاتے رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا مطلب آٹے، چینی اور بجلی کی قیمت بڑھانا ہے، قیمتوں میں اضافے سے ثابت ہو رہا ہے کہ حکومت نے جعلی بجٹ قوم پر مسلط کیا۔
مسلم لیگ نون کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہاز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ قوم پر رحم کیا جائے، عوام دو وقت کی روٹی کے لیے محتاج ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ یمتوں میں اضافے کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 120 روپے 4 پیسے سے بڑھ کر 122 روپے 4 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 92 روپے 26 پیسےسے بڑھ کر 99 روپے31 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 90 روپے 69 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 99 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔