پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان الیکڑونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ٹی وی چینلز کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس نشر کرنے سے روکنے کے اقدام کو غیرقانونی، آئین اور پیمرا کے آرڈیننس 2002 کے منافی قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس وقار احمد سیٹھی اور جسٹس احمد علی پر مشتمل بینچ نے ریمارکس دیے کہ مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس کو نشر کرنے پر پابندی آئین کی شق 19 اور پیمرا آرڈیننس کی شق 27 کے خلاف ہے۔
جے یو آئی (ف) کے رہنما عبید اللہ انور کی جانب سے پیش کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پیمرا نے مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس کو نشر نہ کرنے کے لیے چینلز کو زبانی ہدایت جاری کی تھیں۔
یاد رہے کہ پیمرا نے تمام چینلز کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس کو کوریج نہ دیں۔