Get Alerts

'مولانا فضل الرحمن اسلام کے نام پر قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں' مولانا عبدالعزیز نے فضل الرحمن کو مناظرے کا چیلنج کر دیا

'مولانا فضل الرحمن اسلام کے نام پر قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں' مولانا عبدالعزیز نے فضل الرحمن کو مناظرے کا چیلنج کر دیا
مولانا عبدالعزیز نے مولانا فضل الرحمن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چالیس سال سے اسلام کے نام پر قوم کو مسلسل دھوکہ دے رہے ہیں۔ ساتھ ہی مولانا عبدالعزیز نے جمعیت علمائے اسلام ف کے قائد مولانا فضل الرحمن کو مناظرے کا بھی چیلنج کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق لال مسجد کے مولانا عبدالعزیز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے شریعت کے نفاذ کے لئے کوئی کوشش نہیں اور وہ قوم کے ساتھ اسلام کے نام پر مسلسل دھوکہ کررہے ہیں۔

مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن بتادیں کہ چالیس سال میں کتنے فیصد اسلامی نظام نافذ کرایا ؟

مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ افغانستان میں چالیس سال میں جہاد کے ذریعے سوویت یونین اور امریکہ سمیت پوری دنیا میں کفر کو شکست ہوئی لیکن جمعیت علمائے اسلام دجالی جمہوری نظام کے ذریعے قوم کو دھوکہ دے رہی ہے۔ مولانا عبدالعزیز نے مزید کہا کہ پاکستان کا آئین پاکستان کا قانون کفریہ ہے جس کی پاسداری مولانا فضل الرحمن چالیس سال سے کر رہے ہیں۔

مولانا عبدالعزیز نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے مہنگائی کے خلاف مظاہروں کا اعلان کیا ہے لیکن مہنگائی مظاہروں سے ختم نہ ہوگی بلکہ قرآن و سنت کے نفاذ سے ہوگی۔

خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت قائم ہونے کے بعد جامعہ حفصہ میں طالبان کا پرچم لہرا دیا گیا تھا۔ مولانا عبدالعزیز نے حکومت کو شریعت کے نفاذ کے لئے تین دن کی مہلت دی تھی تاہم بعد میں انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کر لیے گئے تھے۔

ایک وائرل ہونے والی ویڈیو میں مولانا عبدالعزیز نے پولیس اہلکاروں سے مخاطب ہوکر کہا تھا کہ پاکستانی طالبان بھی آئینگے اور آپ کا حشر کریں گے۔ ویڈیو میں مولانا عبدالعزیز پولیس کو غیرت دلارہے ہیں کہ اگے بڑھو اور ہمیں گرفتار کرو، لیکن ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے پولیس کوئی جواب نہیں دے رہی۔