این اے 75 ڈسکہ کے الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر مریم نواز کا ردعمل سامنے آگیا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ (ن) لیگ کے شیروں کو مبارکباد جنہوں نے ووٹ چور ٹولے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، (ن) لیگ کے شیروں نے اپنے ووٹ پر پہرہ بھی دیا، شاباش ڈسکہ والو، شاباش نوشین۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ حکومت نے ڈسکہ کے عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا ہے اور صرف ری الیکشن سے بات نہیں بنے گی، وارداتیوں کو ووٹ چوری کرنے کا حساب دینا ہوگا۔
https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1377899050352132098
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کو الیکشن کمیشن کے عملے کو اغواء کرنے کے جرم کا حساب دینا ہوگا۔
https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1377899604524548101
واضح رہےکہ سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن کالعدم قرار دے کر حلقے میں دوبارہ پولنگ کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں بدنظمی کے بعد الیکشن کو کالعدم قرار دیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے حلقے میں 10 اپریل کو دوبارہ پولنگ کا اعلان کیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے کیس عدالت میں ہونے کی وجہ سے پولنگ ملتوی کرنے کا حکم دیا تھا۔
ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں بدنظمی کے دوران 2 افراد جاں بحق بھی ہوئے تھے، پی ٹی آئی کے امیدوار نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔