کہتے ہیں کےہر محبت اور دوستی اپنے آپ میں بےمثال ہوتی ہے، مگر پاکستانی اور بالخصوص عمران خان کے چاہنے والے عمران اور جمائما کی محبت اور دوستی کی مثاليں اکثر دیتے نظر آتے ہیں، عزت و احترام کے رشتے قابلِ تعریف اور تعظیم ہونے بھی چاہئیں۔
شاید اسی دوستی اور عزت کی ہی ایک مثال ہے کہ جمائما نے حال ہی میں ایک ٹوٸیٹ کے ذریعے عمران خان اور پی ٹی آئی کو 2018 کے الیکشن میں نمایاں کاميابی پہ مبارکباد بھی پیش کی ہے جو کہ اپنے آپ میں قابل تعریف بات ہے۔
جمائما کے اِس عمل کے بعد اُن کے پرستاروں کی خوشی قابلِ دید ہے۔ سوشل میڈیا پر اس ٹوٸیٹ کے بعد (یا شاید اُس سے پہلے بھی) پاکستانی اور بالخصوص پی ٹی آئی کی حمایت کرنے والے جمائما کی تعریف کرتے دکھاٸی دے رہے ہیں۔ کچھ پرستاروں کا کہنا تو یہ بھی ہے کہ جمائما ہی ہماری اصل خاتونِ اول ہیں۔
اگر کوئی عورت کسی مرد سے بات بھی کر لے تو "بے شرم" کے نام سے جانی جاتی ہے
ویسے تو میری نظر میں اپنی قوم کی یہ فراخ دِلی قابلِ تحسين عمل ہے، لیکن جہاں ایک طرف دل اِس فراخ دلِی پہ داد دینا چاہیے تو دوسری طرف ذہن سوچنے پہ مجبور ہے کہ میں تو ایسے معاشرے کا حصہ ہوں جہاں اگر کوٸی عورت کسی مرد سے بات بھی کر لے تو "بے شرم" کے نام سے جانی جاتی ہے، جہاں آج بھی لڑکيوں کی تعليم، نوکری 'معیوب' سمجھی جاتی ہے، گھر سے باہرنکلنے کو 'آوارگی' کا نام دیا جاتا ہے، 'طلاق' کا لفظ تو بہرحال ایک عورت کے لئے اِس پاکستانی معاشرے میں کسی 'گالی' سے کم نہيں۔ مگر پھر اُسی معاشرے میں جمائما کے ہر قول و فعل کی تعریف کی جائے تو کیا یہ ہماری قوم کی منافقت نہیں؟
جمائما کی آزاد خیالی اور پُراعتمادی کی تعریف کرنے والے کیا پاکستانی عورت کی انہی خوبیوں کی تعریف کر پائیں گے؟
کیا وہ لوگ جو جمائما کی تعریف کر رہے ہیں، کسی عام پاکستانی عورت کے کسی بھی ایسے قول و فعل کی تعریف کر پائیں گے؟ کیا یہ لوگ ایک عام پاکستانی عورت اور اُس کے سابقہ شوہر کے عزت و احترام کے رشتے کو اتنی ہی فراخ دلی سے عزت دے پاٸیں گے، جتنی عزت جمائما اور عمران خان کو دیتے ہیں؟
جمائما کی آزاد خیالی اور پُراعتمادی کی تعریف کرنے والے کیا پاکستانی عورت کی انہی خوبیوں کی تعریف کر پائیں گے؟
اِن سب سوالات کے جوابات آنے والے وقت نےنہیں بلکہ اس قوم اور بالخصوص اُنہی لوگوں نے دینے ہیں جو جمائما کی شخصیت سے متاثر نظر آتے ہیں۔