صدف نعیم کو دھکا عمران خان کے گارڈ نے دیا: صحافی افضل سیال

صدف نعیم کو دھکا عمران خان کے گارڈ نے دیا: صحافی افضل سیال
رپورٹ: افضل سیال

ٹی روڈ سادھوکے میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کے بعد مختلف چینلز کے کل تین رپورٹرز اپنے کیمرہ مینوں کے ساتھ عمران خان کے کنٹینر کے دروازے والی سائیڈ سے ساتھ ساتھ بھاگ رہے تھے تاکہ عمران خان کا ساٹ کیا جا سکے۔

کنٹینر کے ساتھ بھاگنے والوں میں دنیا نیوز کے اخلاق باجوہ اور ان کے کیمرہ مین آصف پرویز ٹوبہ، نیو ٹی وی کے کاشف سلمان اور ان کے کیمرہ مین، اور پانچویں صدف نعیم تھیں جو ساتھ ساتھ بھاگ رہی تھیں۔

کوئی دو سے تین کلومیٹر بھاگنے کے بعد جب کنٹینر پر چڑھنے کی اجازت نہیں ملی تو اخلاق باجوہ صاحب تھک کر سائیڈ پر ہو گئے اور اس کے پیچھے صدف نعیم نے ان کی جگہ پر بھاگنا شروع کر دیا۔

اخلاق باجوہ نے صدف کو کہا دفعہ کریں ہم تھک گئے ہیں یہ ہمیں کنٹینر پر نہیں چڑھنے دیں گے۔ اب صدف آگے تھیں، کیمرہ مین آصف پرویز پیچھے تھا اور اس کے پیچھے نیو ٹی وی کے کاشف سلمان اور ان کا کیمرہ مین پیچھے تھا۔

اسی اثنا میں صدف نے کنٹینر کے دروازے کو ہاتھ ڈالا۔ عمران خان کے دو سکیورٹی گارڈ جو کنٹینر کے دروازے پر مامور تھے ان میں سے ایک نے صدف کو دھکا دیا اور وہ گر گئیں۔ ان کے گرتے ہی کنٹینر کے ٹائر نے صدف نعیم کا سر کچل دیا اور صدف نعیم موقع پر شہید ہو گئیں۔

سب سے پہلے دنیا نیوز کے کیمرہ مین آصف پرویز نے جب یہ دیکھا تو اس نے شور کیا جس کے بعد عمران خان کے گارڈز نے بے شرمی کی انتہا کر دی اور ویڈیو بنانے والے کیمرہ مینوں کو کنٹینر کے اوپر سے پانی والی بوتلیں مارنی شروع کر دیں اور جو گارڈز کنٹینر کے دروازے پر تعنیات تھے وہ نیچے اترے اور ویڈیو بنانے والوں کو زد و کوب کرنا شروع کر دیا۔ اور اونچی آواز میں کہتے رہے کوئی ویڈیو مت بنائے۔ کسی ایک ویڈیو بنانے والے کا موبائل بھی چھنیا گیا۔ اس کے بعد صدف کی ڈیڈ باڈی کو ریسیکو کیا گیا۔

عمران خان جب نیچے اترے تو ان کے گارڈ صدف نعیم کو کنٹینر سے دھکا دے کر قتل کر کے ویڈیو بنانے والوں پر تشدد کرنے میں مصروف تھے!

صدف نعیم کی شہادت کی مکمل ذمہ داری عمران خان کے کنٹینر کے دروازے پر معمور گارڈ پر عائد ہوتی ہے جن کے دھکے کی وجہ سے رپورٹر صدف نعیم شہید ہوئیں۔

یہ تمام واقعہ موقع پر موجود عینی شاہدین نے بتایا ہے۔ تمام عینی شاہدین بھی صحافی ہیں۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1586780412335951872

صدف نعیم خبریں گروپ کے ساتھ گذشتہ بیس سال سے منسلک تھیں اور ایک انتہائی محنتی خاتون تھیں۔

شہید صدف نعیم کے دو بچے ہیں۔ بڑی بیٹی نمرہ نعیم اور بیٹا اذان نعیم ہے۔