Get Alerts

شیخ رشید نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو "بجرانی" کیوں کہا؟

وزیر ریلوے شیخ رشید چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہونے کی اپنی پیش گوئی پر خوشی سے نہال ہوگئے اور اپنے ویڈیو بیان میں نہ صرف چیئرمین سینیٹ کا نام بلکہ 73 کے آئین کا سال بھی بھول گئے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں شیخ رشید احمد خوشی میں صادق سنجرانی کو "بجرانی" کہتے رہے، شیخ رشید اپنے بیان میں 1973 کے آئین کو بھی 1972 کا آئین کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی کی کامیابی کی پیشن گوئی پر لوگوں کو بڑی تکلیف ہوئی تھی، باپ بچاؤ تحریک چلانے والوں کو عمران خان تو کیا "بجرانی" کا استعفیٰ بھی نہیں ملا، اپوزیشن نے اب بھی ہوش کے ناخن نہ لیے تو ان کی سیاست زندہ دفن ہوجائے گی۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ بکنے، بکنے اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کے پاس اب سیاسی غلطی کی گنجائش نہیں، میری موجودگی میں کوئی شخص "1972" کے آئین میں ترمیم نہیں کر سکتا۔



شیخ رشید نے ایک بار پھر پیشگوئی کی کہ عمران خان اپنی پانچ سالہ مدت پوری کریں گے۔