ایوان بالا کی فاتح ٹیم کی کپتان سے ملاقات

ایوان بالا کی فاتح ٹیم کی کپتان سے ملاقات
تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں قائد ایوان برائے ایوان بالا سید شبلی فراز، وزیر دفاع پرویز خٹک اور سینیٹر بیرسٹر محمد علی خان سیف بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نے چیئرمین سینٹ کو ایوان کا اعتماد حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی سینیٹ کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے کے حوالے سے صادق سنجرانی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرتے رہیں گے، جن کا وہ مظاہرہ پہلے کرتے رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے چیئرمین سینیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت پر ایوان بالا کے اراکین کا بھرپور اعتماد ممبران کی جانب سے آپ کی قائدانہ صلاحیتوں اور ایوان کی کارروائی احسن طریقے سے چلائے جانے کی تصدیق ہے۔



یاد رہے کہ کل بروز جمعرات ایوان بالا میں متحدہ اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی جس پر ایوان میں خفیہ رائے شماری ہوئی، رائے شماری میں سینیٹ ارکان نے حصہ لیا اور 50 نے تحریک کے حق میں جبکہ 45 نے تحریک کی مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ 5 ووٹ مسترد ہوئے۔

تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے 53 ووٹ چاہیے تھے، متحدہ اپوزیشن مقررہ ہدف حاصل نہیں کر سکی جس کے بعد تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی۔