بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے میں گزشتہ روز لاپتا ہوجانے والے فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے جس میں اعلیٰ عسکری حکام سوار تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی ٹوئٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا۔
ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں امدادی کارروائیاں انجام دے رہا تھا کہ اس دوران اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
شہدا میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ بریگیڈیئر امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔
12 کور کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا تھا جس میں کور کمانڈر سمیت 6 افراد سوار تھے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) خضدار پرویز عمرانی نے دعویٰ کیا تھا کہ فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسٰی گوٹھ کے پہاڑی سلسلے سے ملا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاک فوج، فرنٹیئر کور اور لیویز کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، فی الوقت ہیلی کاپٹرمیں سوار اعلی فوجی افسران کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔