ٹیلی گرام نے چینلز کے لیے نئے فیچرز متعارف کرادیے

ٹیلی گرام کے نئے فیچرز سے کوئی بھی صارف کسی ٹیلی گرام چینل کا حصہ بنتا ہے تو ایپلی کیشن اسے ملتے جلتے دیگر پلیٹ فارمز بھی تجویز کرے گا تاکہ صارف اپنے لیے زیادہ بہتر چینل منتخب کر سکے۔

ٹیلی گرام نے چینلز کے لیے نئے فیچرز متعارف کرادیے

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ٹیلی گرام کی جانب سے واٹس ایپ کا مقابلہ کرنے کے لیے چینلز کے لیے نئے فیچرز متعارف کروا دیے گئے  ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق میسجنگ ایپ نے اس سے قبل چینلز کا فیچر اپنے صارفین کو متعارف کروایا تھا۔جس پر صارفین کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ اب واٹس ایپ میں مسلسل بڑھتے فیچرز کا مقابلہ کرنے کے لیے ٹیلی گرام نے نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں۔

ٹیلی گرام کے نئے فیچرز سے کوئی بھی صارف کسی ٹیلی گرام چینل کا حصہ بنتا ہے تو ایپلی کیشن اسے ملتے جلتے دیگر پلیٹ فارمز بھی تجویز کرے گا تاکہ صارف اپنے لیے زیادہ بہتر چینل منتخب کر سکے۔علاوہ ازیں  اگست میں سٹوریز کا فیچر اس ایپ میں شامل کیا گیا تھا، جسے اب مزید بہتر بنا دیا گیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین اور چینلز کی جانب سے سٹوریز کو اپنے پیجز پر ری پوسٹ کرنا ممکن ہوگا جب کہ ری پوسٹ کرتے ہوئے سٹوریز میں ٹیکسٹ، تصاویر یا ویڈیو کمنٹری کا اضافہ بھی کیا جا سکے گا۔ ٹیلی گرام چینلز کے لیے کاسٹیوم ایموجیز فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

چینلز سے ہٹ کر ٹیلی گرام کی جانب سے آڈیو میسجز کے لیے وائس ٹو ٹیکسٹ فیچر بھی ایپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یہ فیچر پہلے ٹیلی گرام کے پریمیئم صارفین کو دستیاب تھا مگر اب یہ ایپ کو مفت استعمال کرنے والے افراد کو بھی دستیاب ہوگا۔ تاہم یہ افراد ایک ہفتے میں صرف 2 آڈیو میسجز کے لیے یہ فیچر استعمال کر سکیں گے۔