Get Alerts

پنجاب بھر کے پرائیویٹ کالجوں میں 'کو ایجوکیشن' پر پابندی لگا دی گئی

پنجاب بھر کے پرائیویٹ کالجوں میں 'کو ایجوکیشن' پر پابندی لگا دی گئی
لاہور سمیت پنجاب بھر کے پرائیویٹ کالجوں میں بی ایس آنرز میں کو ایجوکیشن پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے پرائیویٹ کالجز میں بی ایس آنرز میں کو ایجوکیشن کی اجازت نہیں ہوگی۔ پابندی کی خلاف ورزیوں پر کالجوں کا الحاق منسوخ کردیا جائے گا۔ کالج میں بی ایس آنرز ڈگری کے لئے طلباء و طالبات کی الگ الگ کلاسز ہوگی۔

سٹی 42 کی رپورٹ کے مطابق ایک ہی کیمپس میں بی ایس آنرز کی مخلوط کلاسز کی اجازت نہیں ہوگی۔ پرائیویٹ کالجوں کو اسٹام پیپر پر بیان حلفی بھی جمع کرانا ہوگا۔ بی ایس آنرز ڈگری کا الحاق لینے کے لیے 28 فروری فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔پرائیویٹ کالجوں کو بی ایس اونرز کے چیک لسٹ کے مطابق فارم جمع کرانے ہوں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ چکوال کے سرکاری اسکولوں میں مخلوط تعلیم پر پابندی لگادی گئی ہے۔

تاہم چکوال کے سرکاری اسکولوں میں مخلوط تعلیم ( کو ایجوکیشن) پر پابندی لگانے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا گیا تھا۔اس سے قبل ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر چکوال نے چھٹی سے آٹھویں جماعت تک مخلوط تعلیم ( کو ایجوکیشن) والے اسکولوں میں زیرِ تعلیم طالبات کے نام خارج کرنے کا مراسلہ جاری کیا تھا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی چکوال نے طالبات کے نام خارج کرنے کا نوٹس لیا تھا، جس پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر چکوال نے وضاحت کی تھی کہ طالبات کے نام خارج نہیں ہوں گے، البتہ انہیں دوسرے اسکولوں میں ٹرانسفر کیا جائے گا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی چکوال نے غلط مراسلہ بھیجنے پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر سے جواب طلب کیا تھا۔ڈپٹی کمشنر چکوال کی جانب سے اب ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر چکوال کی جانب سے جاری کیا گیا مخلوط تعلیم پر پابندی کا نوٹیفکیشن ہی معطل کر دیا گیا ۔