Get Alerts

عمران خان نے بتایا کہ انہیں ڈیل کی پیش کش ہوئی تھی، وکیل عمران خان فیصل چوہدری

مذاکرات میں 9 مئی اور 26 نومبر کے معاملات پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، مذاکراتی کمیٹی میں اسیران کی رہائی کا بھی مطالبہ کررہے ہیں، ایک طبقہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے،فیصل چوہدری

عمران خان نے بتایا کہ انہیں ڈیل کی پیش کش ہوئی تھی، وکیل عمران خان فیصل چوہدری

نیا دور نیوز ڈیسک:۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری کا کہنا تھا توشہ خانہ ٹو جھوٹے کیسز کی سیریز میں سے ایک کیس ہے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف پہلے 4 فیصلوں جیسا فیصلہ ہی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا بھی ہوگا۔فیصل چوہدری نے بتایا کہ عمران خان نے سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی سزا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا وقت آچکا ہے اور کوئی طاقت اس کو روک نہیں سکتی۔

فیصل چوہدری کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انہیں بنی گالہ منتقل ہونے کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن جب تک بغیر ٹرائل لوگ رہا نہیں کیے جاتے وہ کہیں منتقل نہیں ہوں گے۔

عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا حکومت کے ساتھ مذاکرات میں 9 مئی اور 26 نومبر کے معاملات پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، مذاکراتی کمیٹی میں اسیران کی رہائی کا بھی مطالبہ کررہے ہیں۔ ایک طبقہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، مذاکراتی کمیٹی کو آج کے اجلاس کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی رسائی دی جائے۔

یاد رہے اس سے قبل رہنماء پی ٹی آئی شوکت یوسف زئی نے  پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اپنے 2 مطالبات سے پیچھےنہیں ہٹیں گے، حکومت کے پاس مذاکرات کے لیے 30 جنوری تک کا وقت ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کے لیے اپنا ایجنڈا فائنل کرلیا ہے، تمام گرفتارکارکنوں کی رہا ئی، 9 مئی اور 26 نومبر کےواقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے 2 مطالبات ہیں، ہمارے دو نکات پر عملدرآمد ہوگا تب بات چیت آگے بڑھ سکےگی، ان 2 مطالبات پر پی ٹی آئی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے میں نے ڈیڑھ سال جیل کاٹی ہے، پھر کیا ضرورت ہے کہ ڈیل کرکے باہر نکلوں۔ عمران خان کا کہنا تھا جب میرے کیس ختم ہوگئے ہیں تو میں اس موقع پر ڈیل کیوں کروں، اپنے کیسز کا سامنا کروں گا اور بنی گالہ میں نظر بند نہیں ہوں گا۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے والوں کےکیس کیسے معاف کر دیےگئے، 9 مئی کی سازش پہلے سے کی گئی تھی، پارٹی کو کرش کرنا تھا۔نہوں نے کہا کہ عمران خان نے 26 نومبر اور 9مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانے اور بے گناہ قیدیوں کی رہائی کے مطالبات دہرائے ہیں۔

علیمہ خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے مقدمات کا سامنا کرکے خود کو بے گناہ ثابت کریں گے اور  پھر باہر نکلیں گے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ میں ہاؤس اریسٹ میں نہیں جاؤں گا، سب قیدیوں کو رہا کریں، اگر مجھے جیل میں رکھنا ہے تو رکھ لیں۔علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان اپنے مقدمات کا سامنا کرکے خود کو بے گناہ ثابت کریں گے اور پھر باہر نکلیں گے۔ عمران خان کی بہن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہےکہ ملکی معیشت کے لیے تین چیزیں درکار ہیں، قانون کی حکمرانی، سیاسی استحکام اور  امن ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ضروری ہیں۔

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات ملکی ترقی ،سیاسی ،سماجی اور معاشی استحکام کیلئے بے حد ضروری ہیں ہر پاکستانی کی یہی دعا ہے کہ یہ مذاکرات کامیاب ہوں اور ملک اپنی ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے۔

رپورٹ:۔ (محمد ذیشان اشرف)