Get Alerts

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا صوبے میں سیاحت کا شعبہ کھولنے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا صوبے میں سیاحت کا شعبہ کھولنے کا اعلان
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے معیاری ضابطہ کار (ایس او پیز) کے تحت صوبے میں سیاحت کا شعبہ کھولنے کا اعلان کردیا۔

پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بتایا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کی جا رہی ہے تاہم عوام کو ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں بازار اور دکانیں صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی جب کہ ہفتہ اور اتوار کو کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مناسب ایس او پیز کے تحت سیاحت کا شعبہ کھول رہے ہیں، اس سلسلے میں عوام اور تاجروں کا تعاون بہت اہم ہے، حکومتی ہدایات پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا، خلاف ورزی کرنے والے سیکٹر کو بند کردیں گے۔

دوسری جانب پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اور آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 77 ہزار 716 جبکہ اموات 1642 تک پہنچ گئی ہیں۔

خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 482 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج اب تک 3396 نئے کیسز اور 68 اموات کی تصدیق ہوئی۔ اس کے علاوہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ تاہم اگر ملک میں اعداد و شمار کے اضافے کو دیکھیں تو وہ ایک تشویشناک صورتحال کی جانب اشارہ ہے۔