Get Alerts

چین کا پاکستان اور انڈیا کو جوہری طاقت تسلیم کرنے سے انکار

انڈیا اور پاکستان ایک جانب تو جوہری طاقت کا درجہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں تو دوسری جانب چین نے دنیا پر ایک بار پھر یہ باور کروا دیا ہے کہ وہ پاکستان اور انڈیا دونوں کو ہی جوہری طاقت تسلیم نہیں کرتا۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لوکانگ کا کہنا تھا کہ چین کا شمالی کوریا کو بھی جوہری طاقت کے طور پر تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف اس حوالے سے تبدیل نہیں ہوا۔



امریکا نے انڈیا کو جوہری طاقت کی حیثیت دلانے کے حوالے سے اس کی کسی حد تک مدد کی تھی لیکن چین کے اعتراض کے باعث انڈیا کا جوہری طاقت بننے کا خواب ادھورا رہ گیا۔

چین کی جانب سے جنوبی ایشیا کی دومتحارب طاقتوں کے حوالے سے اس مؤقف کا اظہار اس وقت کیا گیا ہے جب دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔

چین کی جانب سے انڈیا کی 48 رکنی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کی مخالفت کی جاتی رہی ہے کیوں کہ چین کا مؤقف ہے کہ انڈیا نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے۔



نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کے لیے انڈیا کی جانب سے درخواست دیے جانے کے بعد پاکستان نے بھی ایسا ہی کیا ۔ چین کہتا ہے کہ نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کے لیے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط کرنا ضروری ہے جس کے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں۔