جناح کے پڑ نواسے اور کنگز الیون پنجاب کے شریک مالک کیوں گرفتار ہوئے؟

جناح کے پڑ نواسے اور کنگز الیون پنجاب کے شریک مالک کیوں گرفتار ہوئے؟
بھارت کی معروف کاروباری شخصیت اور انڈین پریمیئر لیگ ’’آئی پی ایل‘‘ کی کرکٹ ٹیم کنگز الیون پنجاب کے شریک مالک نیس واڈیا کو جاپان کی عدالت نے 25 گرام بھنگ رکھنے کے جرم میں دو سال کی معطل سزا سنائی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں ایک ماہ قبل منشیات رکھنے کے جرم میں شمالی جاپان کے نیو چیتوسا ائر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے نیس واڈیا کو منشیات رکھنے کا اعتراف کرنے پر سزا 5 سال کے لیے معطل کر کے رہا کر دیا۔ بھنگ کی قیمت ڈیڑھ لاکھ جاپانی ین بتائی جاتی ہے جو مسٹر واڈیا نے جیب میں رکھا ہوئی تھی اور انھیں منشیات کی جانچ کے ماہر کتے نے پکڑوایا تھا۔ رپورٹ کے مطابق 47 سالہ نیس واڈیا نے حکام کو بتایا کہ بھنگ ان کے اپنے استعمال کے لیے تھی۔

اڈیا گروپ کے ترجمان کے مطابق: 'نیس واڈیا فی الحال انڈیا میں ہیں، فیصلہ واضح ہے۔ یہ معطل سزا جیسی بات ہے۔ لہذا نیس واڈیا اپنی دوسری تمام ذمہ داریاں ادا کر سکتے ہیں۔'

تاہم آزاد ذرائع سے اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ نیس واڈیا فی الحال انڈیا میں ہیں یا جاپان میں ہیں۔

دوسری جانب انڈین میڈیا میں یہ خبر گشت کر رہی ہے کہ ان کی سزا کی وجہ سے ان کی ٹیم کنگز الیون پنجاب مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے جس کے وہ شریک بانی ہیں۔

آئی پی ایل کے آپریشنل قانون کے مطابق کوئی ٹیم آفیشیئل ایسے برتاؤ نہیں کر سکتا جس سے ٹیم، لیگ، بی سی سی آئی یا پھر اس کھیل کی بدنامی ہو۔

انڈیا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹر کی تین مئی کو ہونے والی میٹنگ میں اس معاملے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا یہ معاملہ آئی پی ایل کی ایتھکس کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا۔ اس سے قبل سٹے کے معاملے میں چینئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کی ٹیم کو دو سال کے لیے آئی پی ایل سے خارج کیا جا چکا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ  واڈیا گروپ کے اکلوتے وارث پر پریٹی زنٹا نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام بھی عائد کرتے ہوئے نیس واڈیا کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا تاہم بعد ازاں دونوں کے درمیان ایک سمجھوتے کے تحت معاملات طے پا گئے تھے اور پریٹی زنٹا نے اپنا کیس واپس لے لیا تھا۔

نیس واڈیا بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے پڑ نواسے بھی ہیں۔ نیس واڈیا کے والد نسلی واڈیا قائد اعظم محمد علی جناح کی اکلوتی بیٹی دینا کے بیٹے تھے۔ دینا جناح نے صنعتکار نویلی واڈیا سے شادی کی تھی۔