ملک بھر میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 144واں یوم پیدائش عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 144 واں یوم پیدائش آج ملی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے ہیں اور تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ ملک بھر میں آج عام تعطیل بھی ہے۔

اس سلسلے میں کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند دستے نے پاک فضائیہ کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

آج کے اس دن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پیغامات بھی جاری کیے۔ صدر اور وزیراعظم نے اپنے پیغامات میں کہا کہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال نے ایک مرتبہ پھر عظیم قائد کے اس عزم کی توثیق کی ہے کہ انتہا پسند ہندو، مسلم اقلیت کو عزت اور وقار کے ساتھ جینے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل اور صوبے کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی لکھے۔

مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم آج کے دن قائد اعظم کے سب سے پہلے اصول اتحاد کو یاد رکھتے ہوئے آپس میں اتحاد کی بات کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو بھی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ہم بانی پاکستان کی تعلیمات کی روشنی میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کا عزم کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اس وقت اتحاد کی بہت زیادہ ضرورت ہے، ساتھ ہی انہوں نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس پر وزیراعظم کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ ملاقات میں مثبت پیش رفت ہوئی۔