’ چیٹ جی پی ٹی‘ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کا حامل ایسا پلیٹ فارم ہے جوحتی الامکان آپ کے کسی بھی سوال کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم ’ اوپن اے آئی‘ ( OpenAI)کمپنی کی طرف سے تیار کیا گیا ہے اور اب کمپنی کی طرف سے اس پلیٹ فارم میں کچھ نئے اور انتہائی مفید فیچرز متعارف کرا دیئے گئے ہیں۔
اوپن اے آئی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پہلے چیٹ جی پی ٹی صرف تحریری طور پر سوالوں کے جوابات دیتا تھا۔ تاہم اب نئے فیچرز کے اضافے کے بعد یہ دیکھ، سن اور بول بھی سکے گا۔ اس میں شامل کیے گئے ایک فیچر کے ذریعے چیٹ جی پی ٹی تصاویرپر ردعمل دے گا اور ان کا تجزیہ کرے گا۔
مثال کے طور پر اگر آپ چیٹ جی پی ٹی پر ایک موٹرسائیکل کی تصویر اپ لوڈ کریں گے اور اس موٹرسائیکل کے متعلق چیٹ جی پی ٹی سی کسی بھی طرح کا مشورہ مانگیں گے تو وہ آپ کی رہنمائی کرے گا۔ حتیٰ کہ آپ اس سے پوچھ سکتے ہیں کہ آپ اس موٹرسائیکل کی سیٹ نیچے کیسے کر سکتے ہیں۔
دوسرا فیچر چیٹ جی پی ٹی کو بولنے اور سننے کے قابل بناتا ہے۔ اس فیچر کے اضافے کے بعد چیٹ جی پی ٹی بھی الیگزا اور سری ( Siri)جیسا ایک پلیٹ فارم بن جائے گا جس سے آپ بات کر سکیں گے اور بول کر اسے ہدایات دے سکیں گے اور وہ بول کر آپ کو جوابات دے گا۔
علاوہ ازیں، اوپن اے آئی نے اعلان کیا ہے کہ صارفین چیٹ بوٹ سے حالات حاضرہ سے متعلق سوالات پوچھ سکتے ہیں جس کا مطلب ہے کہ چیٹ جی پی ٹی آپ کو 2021 تک کی معلومات کا جواب دے سکتا تھا۔ چیٹ جی پی ٹی 30 نومبر 2022 میں متعارف کروایا گیا تھا۔ مصنوعی ذہانت کے تحت چلنے والا یہ سسٹم ابتدائی طور پر 2021 سے پہلے والی معلومات رکھتا تھا۔
لیکن فی الحال یہ سہولت صرف پریمیم صارفین کے لیے ہی دستیاب ہوگی۔ البتہ اوپن اے آئی کے مطابق یہ سہولت جلد عام صارفین تک بھی پہنچا دی جائے گی۔