ہم نے متحد ہو کر اس پوشیدہ دشمن کو شکست دینی ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی مشترکہ پریس کانفرنس

ہم نے متحد ہو کر اس پوشیدہ دشمن کو شکست دینی ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی مشترکہ پریس کانفرنس
وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

میڈیا بریفنگ کے دوران پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن پر وبا کے خلاف کام کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آج جمعہ کا دن ہے اللہ تعالیٰ سے دعا ہے اللہ ہمیں کرونا وائرس سے نجات دلائے، حکومت بروقت اقدامات کر رہی ہے۔ تمام پیرا میڈیکل سٹاف، ڈاکٹر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شکر گزار ہیں جو اس مشکل وقت میں ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ اس جنگ کو جیتنے میں ہمیں میڈیا کا پھر پور تعاون درکار ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر کے علما کرام کا شکریہ ادا کروں گا جنہوں نے اس نازک وقت اور سنگین حالات میں پوری قوم کو اتحاد کا پیغام دیا، رنگ ونسل سے بالاتر ہو کر کرونا کا مقابلہ کرنا ہو گا، انہوں نے ان حالات میں بہت ذمہ داری دکھائی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ تمام صوبوں کی طرف سے انفارمیشن اور اطلاعات نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کو فراہم کی جاتی ہے۔ یہ این سی سی کے تحت کام کر رہا ہے، نینشل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر ایک ون ونڈو سینٹر ہے جسے وفاقی وزیر اسد عمر ہیڈ کر رہے ہیں۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ اس وقت عوام سے اپیل ہے کہ گھروں میں رہیں اور محفوظ رہیں، کرونا وائرس کی وبا دنیا بھر میں پھیل چکی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو بھرپور تعاون فراہم کر رہے ہیں، 38 دنوں میں قوم نے اس چیلنج کا بخوبی مقابلہ کیا ہے۔ افواج پاکستان ملک کے کونے کونے میں موجود ہیں۔

اس موقع پر مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کرونا سے متعلق اقدامات کا پلیٹ فارم ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف اور ان کی ٹیم نے دن رات اس سینٹر میں خدمات انجام دی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کوآرڈی نیشن سنٹر کا جائزہ لیا۔

اس دوران وزیراعظم نے آرمی چیف اور تمام اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے متحد ہو کر اس پوشیدہ دشمن کو شکست دینی ہے۔ وزیراعظم پاکستان کرونا کی وبا کا پھر پور قومی یکجہتی سے تدارک کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل کوآرڈی نیشن سنٹر بنایا گیا ہے۔ سٹیک ہولڈرز کو ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے پلیٹ فارم دیا گیا ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کرونا سے متعلق اقدامات کا پلیٹ فارم ہے۔ قومی حکمت عملی بنانے کے عمل میں مصروف ہیں۔ قوم کی حفاظت وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہم نے چھپے دشمن سے متحد ہو کر لڑنا ہے۔ کرونا کےخلاف وفاق اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کر رہی ہیں۔ قوم کے تعاون سے ہی ہم کرونا کو شکست دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج اجلاس کے دوران ڈاکٹر فیصل نے وزیراعظم عمران خان کو کرونا وائرس کے بارے میں معلومات دیں، لاک ڈاؤن کے معیشت پر منفی اثرات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مستند معلومات اس وقت اہم ضرورت ہے، ملک بھر میں آٹے سمیت اشیائے خورو نوش کی قلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ وزیراعظم نے سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔