حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف فرد جرم ہے۔
پی ڈی ایم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی کو ممنوعہ فنڈنگ ہوئی۔ اب آئین وقانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان عملی طور پر پاکستان کے نااہل ترین حکمران ثابت ہوئے۔ الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹے بیان حلفی اور ڈیکلیریشن جمع کرائے گئے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان صادق اور امین نہیں رہے۔
https://twitter.com/pmln_org/status/1554802382801862662?s=20&t=SlhlbH9_KO0ijdW-Oj3uWw
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے متعدد غیر ملکی کمپنیوں اور شہریوں سے ممنوعہ فنڈنگ لی۔ عمران خان نے 351 غیر ملکی کمپنیوں اور 34 غیر ملکی شہریوں سے غیر قانونی فنڈز لئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ممنوعہ فنڈنگ دینے والوں میں بھارتی اور اسرائیلی شہری بھی شامل ہیں۔ ممنوعہ فنڈنگ دینے والوں کا ایجنڈا ریاست پاکستان کے حوالے سے واضح ہے۔ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ عمران خان ایک غیر ملکی کٹھ پتلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 13 بنک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے۔ عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔ ممنوعہ فنڈنگ کیس سے ثابت ہوا کہ پوری تحریک انصاف شریک جرم ہے۔ پی ٹی آئی کے تمام عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔