'اسٹیبلشمنٹ کا آدمی' ہونے کا طعنہ ملتا ہے لیکن فرق نہیں پڑتا: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دل میں ایسے راز ہیں جو قبر تک ساتھ جائیں گے۔ ملک کے لئے جیلیں اور جلا وطنی کاٹی۔ مقصد یہ تھا سیاست دان اور ادارے ملک کے لئے کام کریں۔

'اسٹیبلشمنٹ کا آدمی' ہونے کا طعنہ ملتا ہے لیکن فرق نہیں پڑتا: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دوست طعنہ دیتے ہیں یہ اسٹیبلشمنٹ کا آدمی ہے لیکن مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ذاتی مفاد کیلئے کبھی سپہ سالاروں سے ملاقاتیں نہیں کیں مقصد صرف ایک تھا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ مل کر ملک کو آگے لے کر جائیں۔ میرے دل میں کئی ایسے راز ہیں جو قبر میں ساتھ لے کر جاؤں گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو اسلام آباد میں بارہ کہو بائی پاس منصوبے کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے سرینا انڈرس پاس کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ بھارہ کہو بائی پاس اسلام آباد کا بہترین منصوبہ ہے۔ خوشی ہے کہ بائی پاس سے لوگوں کے مسائل میں کمی ہوگی۔ بھارہ کہو میں ٹریفک کے مسائل تھے۔ بائی پاس لوگوں کیلئے آسانی کا ذریعہ ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارہ کہو بائی پاس سے 5 منٹ میں پہاڑوں کی طرف جایا جاسکے گا۔ اسلام آباد سے مری، آزاد کشمیر، گلیات اور ہزارہ کا سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہوتا تھا۔ بھارہ کہو بائی پاس سے سیاحوں کیلئے سہولت کے ساتھ ساتھ ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا۔ خود اس راستے پر سفر کر چکا ہوں۔ گھنٹہ گھنٹہ ٹریفک میں پھنسے رہتے تھے۔ آج قلبی سکون ہے کہ لوگوں کو گزرگاہ سے سفر میں آسانی ہوگی۔ اسلام آباد میں اب بجلی کی بسیں بھی چلیں گی۔شہر کو باکو کی طرح خوبصورت بنائیں گے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی حکومت سازش کے تحت ختم کی گئی۔ اگر سازش نہ کی جاتی تو یہ منصوبہ نواز شریف کے دور میں مکمل ہو جاتا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی سپورٹ نہ ہوتی تو یہ کام مکمل نہ ہوتا۔ بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کی تکمیل میں آرمی چیف کا اہم کردار ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 38 سال سے سیاست کے میدان میں ہوں۔ اس دوران سپہ سالاروں سے ملاقاتیں ہوئی جن میں ایک ہی وژن تھا کہ ملک ترقی کرے۔ میرے دل میں ایک ہی بات ہے کہ غریب ملک کا خیال رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دل میں ایسے راز ہیں جو قبر تک ساتھ جائیں گے۔ ملک کے لئے جیلیں اور جلا وطنی کاٹی۔ مقصد یہ تھا سیاست دان اور ادارے ملک کے لئے کام کریں۔ البتہ وسائل کی بندر بانٹ سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر سیاست دان اور ادارے مل کر چلیں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ مشکلات مزید بھی آئیں گی مگر ہم نے مل کر اتحاد سے قابو پانا ہوگا۔ عظیم مقصد کیلئے نیت، دانشمندی اور صبر کے ساتھ مشکل کا سامنا کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال 14 اکتوبر 2022 کو منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ 9 ماہ کی مدت میں 31 جولائی 2023 کو منصوبہ مکمل کیا گیا ہے جس پر چھ ارب 25 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

منصوبے کی تکمیل سے مقامی آبادی اور سیاحوں کو بہترین سفری سہولیات حاصل ہوں گی۔ یہ منصوبہ 5.2 کلومیٹر سڑکوں، دو پلوں اور چار انڈر پاسز پر مشتمل ہے۔