مہوش حیات کو تمغہ امتیاز دلوانے کی سفارش میں نے کی تھی، فواد چوہدری

مہوش حیات کو تمغہ امتیاز دلوانے کی سفارش میں نے کی تھی، فواد چوہدری
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مہوش حیات کو تمغہ امتیاز دلوانے  کی سفارش میں نے کی تھی، مہوش حیات زبردست اداکارہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 سال کا ورکنگ پلان دینا چاہتا ہوں، جو گلی محلے کی سیاست ہے وہی عالمی سیاست ہے آپ نے دیکھنا ہوتا ہے کہ کونسے دھڑے آپ کو فائدہ مند ہیں جس طرح عالمی سطح پر دیکھتے ہیں آپ نے سعودی عرب کے ساتھ رہنا ہے یا قطر کے ساتھ رہنا ہے پارٹی میں آپ کا لینس اور ہوتا ہے حلقے میں اور ہوتا ہے، میں نے سینسر شپ کے حوالے سے ہمیشہ مزاحمت کی ہے۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے جیو نیوز کے پروگرام ایک دن جیو کے ساتھ میں میزبان سہیل وڑائچ سے اظہار خیال کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ انفارمیشن منسٹری سے توقعات زیادہ ہوتی ہیں وزیراعظم کی بھی زیادہ ہوتی ہیں ہم نے پلوامہ پر جس طرح کوریج کی اس طرح کی پہلے کبھی پاکستان کو نہیں ملی، میں نے میڈیا کے خلاف کبھی نہیں بلایا بس یہی سمجھایا کہ آپ کا موجودہ ماڈل ہے یہ نہیں چلے گا ٹیکنالوجی اپ ڈیٹ ہو رہی ہے، سینسر شپ بھی میرے دور میں نہیں ہوئی، میں نے سینسر شپ کے حوالے سے ہمیشہ مزاحمت کی ہے اور میرا خیال یہ ہے کہ نمبر ون پر اسپورٹس چینل دوسرے پر انٹرٹینمنٹ چینل اور تیسرے پر نیوز چینلز ہونے چاہئیں اس سے سوسائٹی نارمل ہوگی۔

 پروگرام کے میزبان سہیل وڑائچ کے مختلف سوالوں کے جواب میں فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ دو صحافیوں کو تھپڑ مارے تو وزیراعظم نے کہا کہ یہ کیا تم ہر ایک کی شادی میں پہنچ کر صحافیوں کو تھپڑ لگا دیتے ہو؟۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اطلاعات سے فارغ کیا تو پانچ آپشنز دیئے میں نے اس میں سے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو چنا، دس سال کا ورکنگ پلان دینا چاہتا ہوں۔ آرمی چیف اور وزیراعظم کو اکثر کہتا ہوں کہ آپ بزنس مینوں سے اتنی میٹنگ کرتے ہیں اس کی بجائے یوتھ کو بلائیں جو ٹیکنالوجی کی سمجھ رکھتے ہیں اور بہت زبردست آئیڈیاز بھی رکھتے ہیں اس طرح سے ہم بہت آگے جاسکتے ہیں۔ میں نظریاتی سیاست نہیں کرتا حقائق پر یقین رکھتا ہوں اور تمام جماعتوں کے نظریہ ایک ہی ہوتے ہیں اقتدار میں آنا اور اپنے اپنے انداز سے ملک کے لئے کام کرنا، پرویز مشرف، یوسف رضا گیلانی اور بلاول کے ساتھ کام کیا ان لوگوں کے کافی قریب رہا ہوں جب بلاول سے قریب تھا تو میں نے ان سے یہی کہا کہ مجھ سے توقع مت رکھیئے گا کہ میں پرویز مشرف پر تنقید کروں گا اسی طرح سے جب یوسف رضا گیلانی اور بلاول کی بات آتی ہے تو بھی میں لحاظ کرتا ہوں۔

https://youtu.be/gXKOKp8S9SQ