Get Alerts

پی چدم برم بھی پاکستان کے ساتھ جنگ کے خلاف

مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کا مشورہ

انڈیا کے نمایاں اپوزیشن رہنماء پی چدم برم نے کہا ہے کہ جنگ سے گریز کے لیے پاکستان کے ساتھ مذاکرات ہی واحد حل ہیں۔



کانگریس پارٹی کے سینئر رہنماء اور سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ پڑوسی ملک کے ساتھ پیش آنا بہت زیادہ ’پیچیدہ عمل‘‘ ہے، تاہم جنگ سے گریز کے لیے اس کے علاوہ کوئی متبادل حل موجود نہیں ہے۔

پی چدم برم نے کہا:’’70 برس سے زائد عرصہ سے انڈیا کے زیرِانتظام جموں و کشمیر اور آزاد  کشمیر پر بالترتیب انڈیا اور پاکستان حکومت کر رہے ہیں، تاہم ’’اب زمینی حقائق مکمل طور پر تبدیل ہو چکے ہیں۔‘‘

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ پیش آنا آسان نہیں ہے، جس کے لیے خارجہ، دفاع اور سکیورٹی امور پر توجہ دینے کی ضرورت ہے لیکن جیسا کہ سابق وزیراعظم واجپائی اور منموہن سنگھ نے کہا تھا، پاکستان ہمارا پڑوسی ہے، ہم اپنے دوست تبدیل کرسکتے ہیں لیکن پڑوسی نہیں۔



انہوں نے جوہری صلاحیت کے حامل دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان ہونے والی جنگوں کو یاد کرتے ہوئے کہا:’’ہم نے بالآخر پاکستان سے مذاکرات ہی کرنے ہیں۔ ہو سکتا ہے ، یہ مؤثر ثابت نہ ہوں، ہو سکتا ہے آپ مجھے جنگ مخالف قرار دے ڈالیں لیکن میں یہ یقین رکھتا ہوں کہ جنگوں سے مسائل حل نہیں ہوا کرتے۔‘‘

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 14 فروری کو بھارت کے زیرِانتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہونے والے خودکش حملے میں انڈین پیراملٹری فورسز کے 40 سے زائد اہل کار ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان حالات کشیدہ ہیں اور جنگ کے خطرات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔