انڈیا کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں دہلی کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انھیں کچھ دنوں سے بخار تھا جس کی شدت میں کمی نہیں آ رہی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ہسپتال کے شعبہ امراض قلب میں داخل کرایا گیا ہے۔ وہ اس وقت ڈاکٹروں کے زیر نگرانی ہیں۔ خیال رہے کہ رواں سال منموہن سنگھ عالمی وبا کورونا وائرس سے بھی متاثر بھی ہوئے تھے۔
ان کا ہسپتال میں کچھ دنوں تک علاج کیا گیا تھا جس کے بعد انھیں 4 مارچ اور 3 اپریل کو کورونا سے بچائو کے ٹیکے لگائے گئے تھے۔
گزشتہ سال ایک نئی دوا کی وجہ سے ری ایکشن اور بخار ہونے کے بعد بھی منموہن سنگھ کو ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا۔ کئی دنوں کے بعد انہیں ہسپتال سے چھٹی ملی تھی۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ کانگریس کے سینئر لیڈر ہیں اور فی الحال راجستھان سے راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ وہ 2004 سے 2014 تک ملک کے وزیر اعظم رہے۔
منموہن سنگھ کے وزیر اعظم رہنے کے دوران 2009ء میں کامیابی کے ساتھ کورونری بائی پاس سرجری کی گئی تھی۔