جیسنڈا آرڈرن نے انگوٹھی کیوں پہن رکھی ہے؟ صحافی کا اندازہ درست نکلا

جیسنڈا آرڈرن نے انگوٹھی کیوں پہن رکھی ہے؟ صحافی کا اندازہ درست نکلا
ویلنگٹن: اطلاعات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن گزشتہ دنوں ایک تقریب میں شریک تھیں اور انہوں نے بائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی میں ہیرے کی انگوٹھی پہن رکھی تھی۔

تقریب میں موجود شعبہ صحافت میں نووارد انٹرن نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس تبدیلی کو بھانپ لیا اور اس سے متعلق وزیراعظم آفس سے استفسار کیا۔جواب میں وزیراعظم آفس نے اس بات کی تصدیق کی کہ وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن اور کلارک گے فورڈ نے گزشتہ دنوں ایسٹر کے موقع پر منگنی کی ہے۔

نیوزی لینڈ کی اڑتیس سالہ وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن اوراکتالیس سالہ ٹی وی اینکرپرسن کےہاں اکیس جون دوہزار اٹھارہ کوبچی کی پیدائش ہوئی تھی۔

اگرچہ وزیر اعظم کی ترجمان نے دونوں کی شادی کی ممکنہ تاریخ کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں نومبر 2020 سے قبل شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

نیوزی لینڈ کے سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق جیسنڈا آرڈرن نے سیاسی حمایت اور برتری حاصل کرنے کے لیے انتخابات سے قبل منگنی اور شادی کرنے کا فیصلہ کرکے حریفوں کو مزید مشکلات میں ڈال دیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ جیسنڈا آرڈرن نے 5 سال قبل ہی کلارک گفورڈ کو اپنا ساتھی تسلیم کرنے کا اعلان کرکے سیاسی حمایت حاصل کی تھی اور انہوں نے بطور وزیر اعظم بچی کو جنم دے کر مزید شہرت حاصل کی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اسی طرح جیسنڈا آرڈرن آئندہ برس ہونے والے عام انتخابات سے قبل شادی کرکے سیاسی برتری حاصل کرنا چاہتی ہیں اور یقینا انہیں شادی کے فیصلے سے مقبولیت حاصل ہوگی۔

خیال رہے کہ جیسنڈا آرڈرن 2017 میں ہونے والے عام انتخابات میں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم بنی تھیں۔

یہ بات بھی اہم ہے کہ جیسنڈا آرڈرن دنیا کی دوسری خاتون وزیراعظم ہیں جنہوں نے عہدے پر رہتے ہوئے بچے کو جنم دیا، اس سے قبل سابق پاکستانی وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے ہاں بھی وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے بچے کی پیدائش ہوچکی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جیسنڈا ایرڈرن نے بچی کو ایک ایسے دن پر جنم دیا، جس دن بے نظیر بھٹو پیدا ہوئی تھیں۔