لاہور: مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر ن لیگ شہباز شریف نے تنظیم نو کا اعلامیہ لندن سے جاری کیا اور عہدیداروں کی تعیناتی پارٹی قائد نواز شریف اور پارٹی رہنماوں کی مشاورت سے کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق مرکزی اور صوبائی سطح پر موجود تنظیموں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ 16 نائب صدور مقرر کیے گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن نے شاہد خاقان عباسی کو سینئر نائب صدر اور احسن اقبال کو جنرل سیکریٹری مقرر کیا ہے۔ بلیغ الرحمان اور عطاءاللہ تارڑ کو ڈپٹی سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مریم نواز کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور مریم اورنگزیب کو سیکریٹری اطلاعات اور ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے مرکزی صدر بننے کے باعث مسلم لیگ (ن) پنجاب کی صدارت کا عہدہ خالی تھا اور اس عہدے کے لیے حمزہ شہباز اور رانا ثناء اللہ کے نام زیر غور تھے تاہم پارٹی قائد نواز شریف نے فیصلہ رانا ثناء اللہ کے حق میں دیا اور اب رانا ثناء اللہ پنجاب کے صدر اور سردار اویس لغاری پنجاب کے جنرل سیکریٹری ہوں گے۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کی 13 رکنی ایڈوائزری کونسل بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، اسحاق ڈار، احسن اقبال شامل ہیں۔
خواجہ آصف، مشاہد حسین سید، مصدق ملک، قیصر شیخ، محمد زبیر، مفتاح اسماعیل اور عائشہ غوث پاشا بھی ایڈوائزی کونسل میں شامل ہیں۔ علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی بھی ایڈوائزری کونسل کے رکن ہیں۔