کوہلی جیسے بڑے چھکے اب بھی لگا سکتا ہوں،مجھے ان کے جیسی فٹنس کی ضرورت نہیں، افغان وکٹ کیپر

کوہلی جیسے بڑے چھکے اب بھی لگا سکتا ہوں،مجھے ان کے جیسی فٹنس کی ضرورت نہیں، افغان وکٹ کیپر
افغان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر محمد شہزاد کا ماننا ہے کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی جیسے بڑے چھکے اب بھی لگا سکتا ہوں،مجھے ان کے جیسی فٹنس کی ضرورت نہیں۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں محمد شہزاد کا کہناتھا کہ انہیں بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے لمبے چھکے لگانے کے لیے وزن کم کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگرچہ ان کا فٹنس سسٹم ویرات کوہلی کی طرح مکمل بہترین نہیں لیکن ان کا کھیل یقینی طور پر کوہلی کی طرح پرفیکٹ ہے۔

افغان کرکٹر کا کہنا تھا کہ ہم فٹنس کا پورا خیال رکھتے ہیں اور کھاتے بھی پورا ہیں، اگر آپ میری فٹنس روٹین کوہلی جیسی چاہتے ہیں تو یہ ناممکن ہے لیکن میرا کھیل ان سے کسی طور کم نہیں۔

جلال آباد سے تعلق رکھنے والے محمد شہزاد نے مزید کہا کہ جتنا لمبا چھکا کوہلی مارتے ہیں میں ان سے بھی لمبا چھکا مارسکتا ہوں تو مجھے ان کی طرح ڈائٹ کرنے کی کیا ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ بھارت اور افغانستان کا اگلا میچ آج شام کو ہوگا، افغانستان اس وقت 4 پوائنٹس کے ساتھ گروپ 2 میں دوسرے نمبر پر ہے اور اگر اس نے بھارت کو شکست دے دی تو اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔