وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ، نجم سیٹھی پر جرمانہ عائد

وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ، نجم سیٹھی پر جرمانہ عائد
لاہور کی سیشن عدالت نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ’35 پنکچر‘ کے الزامات سے متعلق مقدمے میں جواب داخل نہ کرانے پر نجم سیٹھی پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان نے دھرنے کے دوران ’35 پنکچر‘ کا الزام لگایا جو قطعی طور پر بے بنیاد تھا۔

ایڈیشنل سیشن جج محمد امجد خان نے کیس کی سماعت کی اور عمران خان کی درخواست کا جواب داخل نہ کرانے پر نجم سیٹھی پر 100 روپے کا جرمانہ عائد کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے عدالت میں نجم سیٹھی کے دعوے کو مسترد کرنے کی درخواست دے رکھی تھی جبکہ عدالت نے نجم سیٹھی کو جواب جمع کرانے کا آخری موقع دیا تھا۔

خیال رہے نجم سیٹھی نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف سو کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔