شہباز شریف کے حالیہ دورہ کراچی کے موقع پر نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زردای کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی جس میں دونوں سیاسی رہنماوں نے اس بات پر اتٖفاق کیا کہ اب وہ مزید الگ الگ سیاسی جدوجہد نہیں کر سکتے۔
ٖذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کے درمیان کل ہونے والی ملاقات میں شہباز شریف نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کروایا۔
یاد رہے کہ کل ہونے والی شہباز زرداری ملاقات میں عمران خان حکومت کو لے کر اپوزیشن کی جانب سے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں ان ہاؤس تبدیلی کی طرف جانا چاہیے۔ جبکہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان ہاؤس تبدیلی کی بجائے ایک عبوری سیٹ اپ کی طرف جانا چاہیے جو اگلے الیکشن کروا سکے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر ان ہاؤس تبدیلی آتی ہے تو پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اگلی حکومت بنانی چاہیے۔ ُان کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ مسلم لیگ (ن) اس وقت سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اس لیے ُاسے ان ہاؤس تبدیلی کو لیڈ کرنا چاہیے۔
کل کی ملاقات میں اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان طے پایا کہ حکومت کے خاتمے، طریقہ کار اور آپشن کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں حتمی شکل دے کر اس پہ آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔