رمیز راجہ نے اپنی پرانی ٹویٹس ڈیلیٹ کر دیں

رمیز راجہ نے اپنی پرانی ٹویٹس ڈیلیٹ کر دیں
پی سی بی کے متوقع چیئرمین رمیز راجہ نے اپنے پرانے ٹویٹ ڈیلیٹ کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی کے لیے سابق کرکٹر رمیز راجہ مضبوط امیدوار ہیں، 13 ستمبر کو شیڈول بورڈ آف گورنرز کے الیکشن میں رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی تعینات کیا جائے گا۔ پی سی بی کے 59 سالہ متوقع چیئرمین رمیز راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ’ماضی میں کیے کچھ ٹویٹ ڈیلیٹ کردیے ہیں، سپورٹ کرنے کا شکریہ ، اپنے کام سے قابلیت ثابت کروں گا‘۔

https://twitter.com/iramizraja/status/1433463320309293063

واضح رہے کہ احسان مانی کی مدت پوری ہوگئی تھی جس کے بعد انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مزید کام کرنے سے معذرت کرلی تھی۔ رمیز راجہ نے گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں ڈومیسٹک کرکٹ اور قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن کی حیثیت سے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز میں رمیز راجہ اور اسد علی خان کو بطور رکن نامزد کیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ اسد علی خان کی یہ دوسری مدت ہوگی۔ وہ اس وقت بھی بورڈ آف گورنرز میں شامل ہیں۔ رمیز راجہ اور اسد علی خان کے عہدوں کی میعاد پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے مطابق 3 سال ہو گی۔