وزیر داخلہ شیخ رشید نے برطانیہ سے نوازشریف اور بانی متحدہ کو واپس لانے کے معاملے میں بے بسی کا اظہار کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میں نہ نوازشریف کو لاسکا ہوں اور نہ بانی متحدہ کو لا سکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ اپنی اصل جگہ آگئے ہیں، دونوں پارٹیز کے گھروں میں مفاہمت اور مزاحمت کی لڑائیاں جاری ہیں ، شہباز شریف نے بلآخر مفاہمت کی طرف آنا ہے، یہ لوگ چوں چوں کا مربع ہیں اور صرف کیمروں کے لیے سیاست کررہے ہیں۔
وزیر داخلہ کاکہنا تھا کہ شہباز شریف نے ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست ہی نہیں دی، وہ راستہ بنارہے ہیں کہ نوازشریف الیکشن کے دنوں میں سیدھا جیل نہ جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کہیں نہیں جارہا، اس جیسی نالائق اپوزیشن میں اگلے پانچ سال بھی عمران خان کو ملیں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ فیٹف سے ایک دن پہلے بھارت نے جوہر ٹاؤن میں دھماکے کرائے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے اور پاکستان میں جتنی بھی دہشت گردی ہورہی ہے اس میں ہٹلر مودی کی ناپاک سوچیں ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کل پاکستان میں یوم استحصال کشمیر منایا جارہا ہے اور کل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی جس دوران ٹریفک روک دی جائے گی۔