مشہور اداکار ششی کپور کا نام ایک ایسے اداکارکے طورپر لیا جائے گا جنہوں نے اپنی رومانوی اداکاری سے تقریباً 3 دہائی تک شائقین کی بھرپور تفریح کی۔
18 مارچ 1938ء کو پیدا ہونے والے ششی کپور کا حقیقی نام بلبیر راج کپور تھا۔ ان کا رجحان بچپن سے ہی فلموں کی جانب تھا اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے۔ ان کے والد اور مشہور ومقبول پرتھوی راج کپور، بھائی راج کپور اور شمی کپور فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار تھے۔
ان کے والد اگر چاہتے تو وہ انہیں لے کر فلم بنا سکتے تھے لیکن ان کا خیال تھا کہ ششی جدوجہد کریں اور اپنی محنت سے اداکار بنیں۔ ششی کپور نے اپنے طویل کیریئر کی شروعات بچپن میں ہی کرلی تھی۔
انہوں نے کئی فلموں میں بطور چائلڈ ایکٹر کام کیا۔ ان میں مشہور فلمیں آگ اور میں آوارہ شامل ہیں جن میں انہوں نے راج کپور کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا۔ ششی کپور کچھ عرصہ اپنے والد کے تھیٹر سے وابستہ ہوئے۔ اسی دوران ہندوستان اور شمالی ایشیا کے سفر پر آئے برطانوی ڈرامہ گروپ کے کنوینر کی صاحبزادی جینیفر کیڈل سے ہوئی۔ وہ ان سے محبت کر بیٹھے اور بعد میں انہی سے شادی کرلی۔
ششی کپور نے اداکار کے طورپر باقاعدہ شروعات میں یش چوپڑا کی فلم دھرم پتر سے کی۔ اس کے بعد انہیں ومل رائے کی فلم پریم پتر میں بھی کام کرنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی فلمیں ناکام ثابت ہوئیں۔
اس کے بعد ششی کپور نے مہندی لگی میرے ہاتھ، ہولی ڈے ان بامبے اور بے نظیر نامی فلموں میں بھی کام کیا لیکن یہ سبھی فلمیں کچھ خاص کمال نہیں دکھا سکیں۔
ششی کپور کے کیریئر نے اس وقت اہم موڑ لیا، جب ان کی فلم جب جب پھول کھلے ریلیز ہوئی۔ بہترین نغموں، موسیقی اور اداکاری سے آراستہ اس فلم کی زبردست کامیابی نے ششی کپور کے کیریئر کو ایک نئی سمت دی۔
اس کے بعد ششی کپور کے کیریئر کی ایک اور بہترین فلم وقت ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں ان کے سامنے بلراج ساہنی، راج کمار اور سنیل دت جیسے مشہور اور بہترین اداکار تھے۔
اس کے باوجود اپنی اداکاری سے شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانے میں وہ کامیاب رہے۔ یہ فلم اس وقت کی بہترین اور سپرہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ ان فلموں کی کامیابی کے بعد ششی کپور کی شبیہ رومانوی ہیرو کی بن گئی اور فلمساز اور ہدایت کاروں نے بیشتر فلموں میں ان کی اسی شبیہ کو بنایا۔ کامیابی کے سنہرے دور میں ششی کپور نے جن فلموں میں کام کیا ان میں زیادہ تر ہٹ ثابت ہوئیں۔
80ء کی دہائی میں ششی کپور نے فلم پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھا اور فلم جنون بنائی۔ اس کے بعد انہوں نے کلیوگ، وجیتا، اُتسو وغیرہ فلمیں بھی بنائیں حالانکہ یہ فلمیں باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوئیں لیکن ان کو ناقدین نے کافی پسند کیا۔
1991ء میں اپنے دوست امیتابھ بچن کو لے کر انہوں نے فلم عجوبہ بنائی اور ہدایت کاری بھی کی لیکن بے جان سکرپٹ کی وجہ سے فلم زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔ یہ فلم بچوں کو بہت پسند آئی۔
ششی کپور کے سنہری کیریئر میں ان کی جوڑی اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور نندا کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ ان سب کے درمیان ششی کپور نے اپنی جوڑی سپر سٹار امیتابھ بچن کے ساتھ بھی بنائی اور کامیاب رہے۔
یہ جوڑی سب سے پہلے فلم دیوار میں ساتھ نظر آئی۔ بعد میں اس نے ایمان دھرم، تریشول، شان، کبھی کبھی، روٹی کپڑا اور مکان، سہاگ، سلسلہ، نمک حلال، کالا پتھر اور اکیلا میں بھی کام کیا اور شائقین کی تفریح کی۔
90ء کی دہائی میں صحت خراب رہنے کی وجہ سے ششی کپور نے فلموں میں کام کرنا تقریباً بند کر دیا تھا۔ 1998ء میں ریلیز ہوئی فلم جناح ان کے کیریئر کی آخری فلم رہی جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
ششی کپور نے تقریباً۲۰۰؍ فلموں میں کام کیا۔ ان کو فلم انڈسٹری کے سب سے اعلیٰ اعزاز دادا صاحب پھالکے سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ تقریباً 30 دہائیوں تک ناظرین کو اپنی اداکاری سے محظوظ کرنے والے ششی کپور 4 دسمبر 2017ء کو اس دنیا سے ہمیشہ کیلئے رخصت ہو گئے۔