Get Alerts

کیا لیجنڈری بالی ووڈ اداکار رشی کپور کی موت کی وجہ کرونا وائرس بنا؟

کیا لیجنڈری بالی ووڈ اداکار رشی کپور کی موت کی وجہ کرونا وائرس بنا؟

بالی وڈ کے معروف اداکار رشی کپور ممبئی کے ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 67 برس تھی۔ انکے بھائی رندھیر کپور نے انکی موت کی تصدیق کی۔


اس سے قبل بدھ کے روز رندھیر کپور نے بتایا تھا کہ 'انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ سرطان کے مرض سے لڑ رہے تھے اور انھیں سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا۔' بی بی سی کے مطابق بدھ کی صبح طبعیت بگڑنے پر انھیں ممبئی کے ایچ این ریلائنس ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

رشی کپور کو سانس لینے میں دشواری کی خبریں سامنے آنے کے بعد کچھ سوشل میڈیا صارفین نے سوال اٹھایا تھا کہ لیجنڈری اداکار کو کہیں کرونا کا مرض تو لاحق نہیں تھا؟ لیکن ایسی کسی اطلاع کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ تاہم رشی کپور کی آخری ٹویٹ کرونا وائرس سے متحد ہو کر لڑنے کے حوالے سے  تھی۔

https://twitter.com/chintskap/status/1245703222783664129

 

اس میں انہوں نے لکھا کہ تمام عقائد اور معاشرتی طبقات سے تعلق رکھنے والے بہنوں بھائیوں سے اپیل ہے کہ وہ تشدد ،پتھراؤ اور زدوکوب کرنے کو مت اپنائیں۔ ڈاکٹرز نرسیں،میڈیکس اور پولیس والے آپ کو بچانے کے لئے اپنی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ہمیں یہ کرونا وائرس کی جنگ اکھٹے جیتنی ہوگی۔ پلیز۔ جے ہند۔

فروری کے آغاز میں بھی رشی کپور کو طبعیت بگڑنے پر دو مرتبہ ہسپتال داخل کیا گیا تھا۔ رشی کپور گذشتہ برس سمتبر میں تقریباً ایک برس امریکا میں اپنا کینسر کا علاج کروا کر انڈیا واپس آئے تھے۔

مشہور زمانہ فلم بابی سے اپنا کرئیر شروع کرنے والے  رشی کپور بالی وڈ کے مشہور کپور خاندان کے رکن تھے اور معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر راج کپور کے دوسرے بیٹے تھے۔ ان کے چار بہن بھائی رندھیر کپور، ریتو نندا، رما جین اور راجیو کپور ہیں۔

رشی کپور رنبیر کپور کے والد تھے۔ ان کے لواحقین میں اہلیہ نیتو کپور، بیٹے رنبیر کپور اور بیٹی ردھیما ہیں