Get Alerts

بالی ووڈ اداکار رشی کپور کینسر کو شکست دینے میں کامیاب

گزشتہ برس اکتوبر میں یہ خبر سامنے آئی کہ بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار رشی کپور کسی خطرناک بیماری کا شکار ہو گئے ہیں لیکن اس بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئی تھیں۔

رشی کپور اپنی اہلیہ اور ماضی کی معروف اداکارہ نیتو کپور کے ہمراہ علاج کے لیے فوراً امریکہ منتقل ہو گئے تاہم اس وقت بھی ان کے خاندان کی جانب سے اس بارے میں کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر یہ خبریں زیرگردش رہی ہیں کہ رشی کپور بھی بالی ووڈ اداکاروں عرفان خان اور اداکارہ سونالی باندرے کی طرح کینسر کا شکار ہو چکے ہیں، تاہم خاندانی ذرائع نے ان خبروں کی تصدیق نہیں کی۔

رشی کپور اور خاندان کے یوں پراسرار طور پر امریکہ منتقل ہونے کی خبروں کے وائرل ہونے کے بعد رواں برس جنوری میں اداکار کے بھائی رندھیر کپور نے ان کی علالت کی تصدیق کر دی، تاہم انہوں نے ان کی بیماری کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔



رندھیر کپور نے کہا تھا، رشی کپور کے فی الحال امریکہ میں مختلف ٹیسٹ ہونے ہیں، ان کا علاج جاری ہے اور امید ہے کہ وہ بہت جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس لوٹیں گے۔

بعدازاں، رشی کپور کی اہلیہ نیتو سنگھ نے انسٹاگرام پر شوہر، بیٹے رنبیر کپور، اداکارہ عالیہ بھٹ، بیٹی اور داماد کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کینسر کا ذکر تو کیا، تاہم انہوں نے یہ نہیں کہا تھا کہ ان کے شوہر کینسر کا شکار ہیں۔

نیتو سنگھ نے سال نو کے موقع پر اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا، نئے سال سے ہم بہتری کی امید ہی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ 2019  بھارت میں ماحولیاتی آلودگی اور کینسر کے علاج اور تحفظ کے حوالے سے اچھا ثابت ہوگا۔

نیتو کپور کی جانب سے تصویر میں شامل اس جملے پر بھارتی میڈیا میں نہ ختم ہونے والی چہ میگوئیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا کہ رشی کپور کو بھی کینسر کی تشخیص ہو چکی ہے، تاہم اس وقت بھی ان کے خاندان کے کسی فرد نے ان کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق نہیں کی۔



فلم ساز راہول راویل نے حال ہی میں دعویٰ  کیا ہے کہ رشی کپور نے کینسر سے چھٹکارا پا لیا ہے۔

انہوں نے رشی کپور کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، اداکار کینسر سے چھٹکارا پا چکے ہیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید کچھ نہیں لکھا تاہم تصویر میں انہیں رشی کپور کے ساتھ انتہائی خوش دیکھا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ رشی کپور سے قبل گزشتہ برس مارچ میں اداکارعرفان خان بھی نیورو اینڈکرائن ٹیومر میں مبتلا ہو گئے تھے جس کے بعد وہ علاج کے لیے امریکہ چلے گئے تھے۔ وہ قریباً ایک برس تک زیرعلاج رہنے کے بعد کچھ عرصہ قبل وطن واپس لوٹے اور بیماری سے چھٹکارا پانے کے بعد انہوں نے اب فلم "انگریزی میڈیم" کی شوٹنگ بھی شروع کر دی ہے۔



یاد رہے کہ ماضی کی معروف بالی ووڈ اداکارہ سونالی باندرے کینسر کا شکار ہونے کے بعد امریکہ منتقل ہو گئی تھیں۔ وہ کئی ماہ تک زیرعلاج رہیں اور صحت یاب ہونے کے بعد گزشتہ برس بھارت واپس پہنچیں۔