اداکار رشی کپور میرے ساتھ کام کرنا چاہتے تھے، اداکارہ میرا کا دعویٰ

اداکار رشی کپور میرے ساتھ کام کرنا چاہتے تھے، اداکارہ میرا کا دعویٰ
پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف و مقبول اداکارہ  میرا نے بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار رشی کپور کے انتقال پر انھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نامور اداکار ان کے ساتھ کام کرنا چاہتے تھے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز بالی ووڈ کے مایہ نازاداکار رشی کپور کینسرکے موذی مرض کے باعث 67 سال کی عمرمیں انتقال کر گئے تھے۔ اداکار کو گذشتہ روز طبعیت بگڑنے پر ممبئی کے ایچ این ریلائنس ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں انہیں سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا۔

رشی کپور کے انتقال پر دنیا بھر کے فنکاروں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رشی کپور ایک مایہ ناز اداکار تھے جن کے لاتعداد مداح دنیا بھر میں موجود ہیں۔ اداکار کو خراج تحسین پیش کرنے والوں میں پاکستان کی مقبول اداکارہ میرا بھی شامل ہیں۔

اداکارہ نے رشی کپور کے انتقال پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ ایک بہترین اداکار ہونے کے ساتھ ایک عظیم انسان تھے۔ 2005 میں فلم کے شوٹ کے دوران بمبئی میں میری ان سے ملاقات ہوئی تھی۔ میں نے ان کے ساتھ اچھا وقت گزارا۔

میرا نے مزید کہا کہ ان کے بولنے کا انداز بہت دوستانہ تھا۔ وہ ایک نرم دل آدمی تھے جو ہمیشہ مدد کرنے کے لئے تیار رہتے تھے۔ انہوں نے میرے بارے میں جانا، میرے کام کی تعریف کی اور میری حوصلہ افزائی کی۔ مجھے یاد ہے کہ انہوں نے مجھے کہا تھا کہ مجھے اپنے جیسے بڑے اور بہتر سٹارز کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔

میرا نے یہ دعوی بھی کیا کہ رشی کپور ان کے ساتھ بھی کام کرنا چاہتے تھے۔

اداکارہ نے مایہ ناز اداکار کے انتقال پر افسوس کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ مجھے ان کے انتقال کا سن کر صدمہ پہنچا ہے۔