Get Alerts

نوازشریف کیلئے قومی صحت کارڈ جاری، 10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت

نوازشریف کیلئے قومی صحت کارڈ جاری، 10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت
سابق وزیرِاعظم نواز شریف کو حکومت نے قومی صحت کارڈ جاری کر دیا ہے۔ اس کارڈ کے ذریعے مسلم لیگ ن کے قائد سالانہ 10 لاکھ روپے تک کا علاج کرا سکیں گے۔

محکمہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ اس ہیلتھ کارڈ کے ذریعے نواز شریف بطور سربراہِ خاندان مزید ایک فرد کا علاج کرانے کے مجاز ہیں۔

محکمہ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ علاج میں 10 لاکھ روپے سے زائد رقم کی ضرورت پڑی تو خصوصی کمیٹی اس کا بھی انتظام کرے گی۔

خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کی مکمل آبادی کو بھی مارچ 2022ء تک نیا پاکستان صحت کارڈ فراہم کر دیا جائے گا۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ قومی صحت کارڈ کے تحت علاج معالجے کی سہولیات میں حادثات، اعضاء کے ناکارہ ہونے، اعصابی نظام کی جراحی، امراضِ قلب، تھیلیسیمیا، دائمی امراض، کینسر اور گردوں کی پیوند کاری کیلئے علاج کی سہولیات ہیں۔

نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے مجموعی طور پر تھرپارکر، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، پنجاب اور اسلام آباد کے تمام گھرانوں کو 10 لاکھ تک صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔