جعلی ڈگری اور میڈیا کو غیر مجاز طور پر سرکاری معلومات فراہم کرنے کے الزامات، پی آئی اے نے 52 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا

جعلی ڈگری اور میڈیا کو غیر مجاز طور پر سرکاری معلومات فراہم کرنے کے الزامات، پی آئی اے نے 52 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے جعلی یا ڈگری میں ردو بدل، قواعد کی خلاف ورزی اور میڈیا کو غیر مجاز طور پر سرکاری معلومات فراہم کرنے کے الزامات پر 52 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ادارے کی جانب سے اپنے فرائض کی انجام دہی میں بھرپور لگن اور عزم کے اظہار پر 11 ملازمین کو تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔

قومی ایئرلائن نے قومی اسمبلی میں اس انکشاف کے بعد کہ کچھ پائلٹس کی ڈگری مشکوک ہے حال ہی میں اپنے 140 پائلٹس کو گراؤنڈ کر دیا تھا۔

پی آئی اے کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ سے ملازمین کو ارسال کردہ خطوط میں کہا گیا کہ نظم و ضبط کسی بھی ادارے کے انتہائی اہم چیز ہے جو ملازمین کو پابند کرتا ہے اور انہیں ادارے کے قواعد پر عملدرآمد کی ترغیب دیتا ہے، اس لیے محنتی اور وفادار ملازمین کو سراہنا اور قانون کے مطابق غیر جانبدار انکوائری میں قصوروار پائے گئے ملازمین کو سزا دینا ضروری ہے۔

مراسلے کے مطابق 25 ملازمین کو جعلی، بوگس یا ردو بدل والی ڈگری اور دستاویزات پر برطرف کیا گیا جبکہ 21 طویل عرصے تک غیر حاضر رہنے پر فارغ ہوئے جبکہ ایک ملازم کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر نوکری سے نکالا گیا۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ غیر مجاز طور پر سوشل اور مین اسٹریم میڈیا میں سرکاری معلومات فراہم کرنا 2 ملازمین کی برطرفی کا سبب بنا۔ اس کے علاوہ دیگر 2 ملازمین کو قواعد کی خلاف ورزی پر عہدے کی تنزلی اور ایک کو ڈیوٹی سے غیر حاضری پر تنخواہ میں کمی کا سامنا کرنا پڑا۔

اس ضمن میں ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ انتظامیہ نے 11 ملازمین کو بہترین پیشہ ورانہ رویہ اپنانے اور محنت و لگن سے کام کرنے پر تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا۔ انتظامیہ ادارے میں سخت نظم و ضبط یقینی بنارہی ہے اور اس کے ساتھ ہی ملازمین میں پیشہ ورانہ رویے اور محنت سے کام کرنے کا اعتراف بھی کررہی ہے۔