Get Alerts

ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات، پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس طلب

ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات، پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس طلب
کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) اور فوج کے درمیان امن مذاکرات کا جائزہ لینے کے لئے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کریں گے۔ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بروز منگل 5 جولائی 2022ء کو کو سہ پہر 3 بجے قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہوگا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے ممبران کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے گذشتہ ماہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ جاری امن مذاکرات پر جلد پارلیمان کو بریفنگ دی جائے گی لیکن ٹی ٹی پی کی جانب سے کوئی بھی غیر آئینی مطالبہ پورا نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے ٹی ٹی پی اور فوجی قیادت کے درمیان جاری مذاکرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارلیمان سے باہر کسی بھی مذاکراتی عمل کی حمایت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی کوئی ایسے مذاکرات قبول ہے جس میں پارلیمان کو شامل نہیں کیا جائے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کو قومی سلامتی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف، دونوں ایوانوں کی سینئر پارلیمانی قیادت، وفاقی وزرا، سینئر سیاسی قیادت، صوبائی وزرائے اعلٰی، آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم اور وزیراعلٰی گلگت بلتستان کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔

اجلاس میں سینئر ممبران قومی اسمبلی وسینٹ، قومی اسمبلی اور سینٹ کی قائمہ کمیٹیاں برائے دفاع کے ممبران، وزارت دفاع، خارجہ، داخلہ، امور کشمیر، صحت، قومی سلامتی ڈویژن کے وفاقی سیکرٹریز کو بھی شرکت کے لئے مدعو کیا گیا۔

کمیٹی اجلاس میں چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان بھی شرکت کریں گے۔