آئی ایم ایف معاہدے کے اثرات، پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ

آئی ایم ایف معاہدے کے اثرات، پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ
پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آ ئی ایم ایف) کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد معاشی غیر یقینی کی صورتحال ختم ہونے لگی اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر تیزی سے بحال ہونے لگی۔

آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ انٹربینک میں امریکی کرنسی 10 روپے 55 پیسے کم ہو کر 275 روپے 44 پیسے پربند ہوئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 10 روپے 55 پیسے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

https://twitter.com/StateBank_Pak/status/1676194349296816128?s=20

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 7 روپے کمی ہوئی ہے جس کے بعد امریکی کرنسی 278 روپے پر آگئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں 5 روپے سستا ہوکر امریکی ڈالر 285.99 روپے پر آیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز تاریخ رقم کی گئی تاہم پاکستان سٹاک ایکس چینج میں آج ملا جلا رجحان رہا۔

سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر ہی 100 میں انڈیکس 600 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ جس کے بعد 44 ہزار 500 کی حد بحال ہوگئی۔ تاہم جلد ہی پرافٹ ٹیکنگ کے باعث مارکیٹ منفی زون میں آگئی۔

سیشن کے اختتام پر 100 انڈیکس 341 پوائنٹس کمی سے 43 ہزار 557 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ میں آج 41 کروڑ 92 لاکھ شیئرز کے سودے کئے گئے۔