Get Alerts

عیدالفطر کی خوشی میں صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی جیلوں سے 820 قیدی رہا

صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی مختلف جیلوں میں قید 820 قیدیوں کوعید الفطر کے موقع پر رہا کر دیا گیا تاکہ وہ یہ عید اپنے پیاروں کے ساتھ منا سکیں۔

وزیراعظم عمران خان نے دونوں صوبائی حکومتوں کو یہ ہدایت کی تھی کہ ایسے قیدی جنہوں نے اپنی سزا کی مدت پوری کر لی ہے لیکن عدالت کی جانب سے عائد کیے گئے جرمانے ادا کرنے سے قاصر ہیں، انہیں رہا کر دیا جائے۔

یہ واضح کر دینا ضروری ہے کہ عدالت سزا کے ساتھ جرمانہ بھی عائد کرتی ہے تاہم عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید سزا بھگتنا پڑتی ہے۔



قیدیوں کی ایک بڑی تعداد اس وقت بھی جرمانے کی رقم ادا نہ کر پانے کے باعث مختلف جیلوں میں سزا کاٹ رہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں برسراقتدار حکومتوں نے مجموعی طور پر 27 کروڑ روپے کی رقم بطور جرمانہ ادا کر کے قیدیوں کو آزاد کروایا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 27 مئی کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے متمول افراد کی جانب سے دیے گئے عطیات کے ذریعے جمع ہونے والی 38 لاکھ 20 ہزار 657 روپے کی رقم غریب قیدیوں کی دیت اور جرمانوں کی مد میں ادا کرکے چھ سو سے زائد قیدی رہا کروائے تھے۔