سٹیٹ بینک آف پاکستان نے عیدالفطر کے موقع پر نئے کرنسی نوٹوں کے حصول کے لیے اپنی سروس دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت صارفین 20 مئی سے 31 مئی تک اس سہولت سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔
نئے کرنسی نوٹ ملک کے 142 شہروں میں کمرشل بینکوں کی 17 سو برانچوں پر آن لائن بینکنگ کے ذریعے بھی دستیاب ہوں گے۔
نئے نوٹوں کے حصول کے لیے صارف کو اپنا شناختی کارڈ نمبر اور بینک کوڈ 8877 پر مقررہ تاریخوں کے دوران ایس ایم ایس کرنا ہو گا جس کے بعد صارف کو بینک کی جانب سے ٹرانزیکشن نمبر، کرنسی نوٹ وصول کرنے کے لیے متعلقہ بینک کی برانچ کا پتہ اور تاریخ دی جائے گی تاکہ صارف کو نئے نوٹوں کے حصول میں مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
صارف کو نئے کرنسی نوٹ وصول کرنے کے لیے اصل شناختی کارڈ اور 8877 سے موصول ہونے والا کوڈ دکھانا ہو گا۔
واضح رہے کہ ایک شناختی کارڈ نمبر اور ایک موبائل نمبر صرف ایک بار ہی استعمال کیا جا سکے گا اور اگر ایک شناختی کارڈ نمبر مختلف موبائل نمبروں سے استعمال کیا جائے گا تو اس صورت میں ٹرانزیکشن کوڈ جاری نہیں کیا جائے گا جب کہ ایس ایم ایس کے چارجز بھی کاٹ لیے جائیں گے جو دو روپے جمع ٹیکس ہیں۔
اس بارے میں عوام کو مزید تفصیلات جیسا کہ بینک کی برانچوں اور کوڈ وغیرہ کے بارے میں جلد آگاہ کر دیا جائے گا۔
یہ سوال نہایت اہم ہے کہ ایک صارف کو زیادہ سے زیادہ کتنے نوٹ مل سکتے ہیں؟ اس سوال کا جواب یہ ہے کہ ایک صارف کو نئے کرنسی نوٹوں کی گڈیاں مخصوص تعداد میں ملیں گی، یعنی دس کی تین جب کہ پچاس اور سو کی ایک ایک گڈی ملے گی۔