Get Alerts

میکنزی بزوز، دنیا کی سب سے زیادہ رقم عطیہ کرنے والی خاتون

دنیا کے امیر ترین شخص اور آن لائن کاروباری کمپنی ایمازون کے بانی جیف بزوز اور ان کی اہلیہ میکنزی بزوز کے درمیان رواں برس اپریل میں طلاق ہو گئی تھی۔

باعث دلچسپ امر یہ ہے کہ میکنزی کو طلاق کے بدلے کم از کم ساڑھے 35 ارب ڈالرز کی رقم ملی تھی اور وہ دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون بن گئی تھیں۔

جوڑے میں طویل مذاکرات کے بعد طلاق کے معاملات طے پائے تھے، تاہم دونوں نے جنوری 2019 میں ایک دوسرے سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

دونوں کے درمیان تین ماہ تک ہونے والے مذاکرات کے بعد بالآخر اپریل میں طلاق کے معاملات طے پا گئے اور میکنری کو طلاق کے بدلے ان کے سابق شوہر نے ایمازون کے محض 25 فی صد شیئرز دیے تھے۔



یہ ایک ایسی کاروباری طلاق تھی جس پر بہت سے تبصرے ہوئے۔ عالمی تجزیہ کاروں نے اندازے لگائے کہ میکنزی طلاق کے بدلے جیف بزوز سے ان کی نصف دولت چھین لیں گی تاہم یہ تمام اندازے غلط ثابت ہوئے اور میکنزی نے اندازوں سے کہیں کم دولت وصول کر کے سب کو حیران کر دیا۔

تاہم اب میکنزی نے ایک اور کارنامہ انجام دیا ہے اور یوں انہوں نے اپنے خاوند کو ایک بار پھر شے مات دے ڈالی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق، میکنزی نے اپنی نصف دولت یعنی ساڑھے 17 ارب ڈالر کی خطیر رقم ایک فلاحی ادارے ’’دی گونگ پلیج‘‘ کو عطیہ کر دی ہے۔

میکنزی یہ رقم عطیہ کر کے دنیا کی سب سے زیادہ رقم عطیہ کرنے والے خواتین کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گئی ہیں۔

یہ ادارہ دنیا کے سابق امیر ترین شخص بل گیٹس اور ان کی اہلیہ میلنڈا گیٹس نے 2010 میں قائم کیا تھا جس کا مقصد دنیا بھر میں جاری مختلف فلاحی منصوبوں کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ اس ادارے کو 2010 سے اب تک 204 ارب پتی اربوں ڈالرز کے عطیات دے چکے ہیں۔

باعث دلچسپ امر یہ ہے کہ جیف بزوز نے اب تک اس ادارے کو کوئی رقم عطیہ نہیں کی تاہم انہوں نے اپنی سابقہ اہلیہ کے اس اقدام کی ستائش ضرور کی ہے۔

54 برس کے جیف بزوز اور ان کی 48 سالہ سابقہ اہلیہ میکنزی کی ملاقات نیویارک کی ایک کمپنی میں دوران ملازمت ہوئی تھی۔ دونوں نے 1993 میں شادی کی اور ان کے چار بچے ہیں۔



جیف بزوز بنیادی طور پر متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں تاہم انہوں نے ایمازون قائم کر کے آن لائن بزنس کا انداز ہی تبدیل کر دیا جس کا آغاز دراصل ایک بک سٹور سے  ہوا تھا لیکن اب ایمازون دنیا کا سب سے بڑا آن لائن سٹور ہے جس کا کاروبار دنیا بھر میں پھیلا ہوا ہے۔

جیف بزوز 2017 میں پہلی بار دنیا کے امیر ترین شخص بنے اور اہلیہ کو طلاق دینے پر 25 فی صد دولت چھن جانے کے باوجود وہ اب بھی دنیا کے امیر ترین انسان ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق، جیف بزوز کے اثاثوں کی ملکیت 115 ارب ڈالر سے زیادہ ہے جب کہ بل گیٹس کے اثاثے ان سے 10 ارب ڈالر کم ہیں۔