24 گھنٹوں میں 1313 نئے کرونا کیسز: پاکستان میں انفیکشن ریٹ 5 فیصد تک پہنچ گیا

24 گھنٹوں میں 1313 نئے کرونا کیسز: پاکستان میں انفیکشن ریٹ 5 فیصد تک پہنچ گیا

کرونا کی دوسری لہر کے باعث پاکستان میں عالمی وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور ملک میں کرونا مریضوں کی شرح 5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔


پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 1313 مریض سامنے آ گئے جس کے بعد ملک میں کرونا متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 37 ہزار 573 ہو گئی ہے۔

گزشتہ روز 18 افراد کرونا کی وجہ سے انتقال کر گئے جس کے بعد پاکستان میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 867 ہو گئی ہے۔

ملک بھر میں دو نومبر کو 26 ہزار 565 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ پاکستان میں کرونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔


 وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ چند ہفتوں میں عوام نے سمجھا کہ کرونا ختم ہو گیا ہے اور حفاظتی تدابیر پر عمل بالکل کم ہو گیا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ستمبر کے آغاز سے اب تک مثبت کیسوں کی شرح اور اموات میں دوگنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا امید ہے ایسی صورتحال میں نہیں جائیں گے کہ انتہائی اقدامات اٹھانا پڑیں۔