عمران خان نے بے شرمی سے آئین توڑا، ملٹری ادارے سامنے آکر اس خط کی وضاحت کریں:مریم نواز

عمران خان نے بے شرمی سے آئین توڑا، ملٹری ادارے سامنے آکر اس خط کی وضاحت کریں:مریم نواز
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے عمران خان کے اقدام کو بے شرمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین میں غداری کی سزا آرٹیکل 6 ہے۔ اگر آج انھیں سزا نہیں دی گئی تو آئندہ کوئی بھی آئین کو روندتا ہوا نکل جائے گا۔

مریم نواز شریف کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کو خط سپریم کورٹ کے سامنے رکھنا چاہیے تھا۔ لیکن انہوں نے خط اس لئے نہیں دکھایا کیونکہ ایسی کوئی تحریر موجود ہی نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چند دن کرسی سے چمٹے رہنے کیلئے آئین پر خود کش حملہ کیا۔ اس خط کو وزارت خارجہ میں ڈرافٹ کیا گیا۔ ان کو علم تھا کہ جب خط قوم کے سامنے آئے گا تو ان کا پول کھل جائے گا۔ آئین توڑنا آپ کیلئے آسان ہے لیکن خط دکھانا آپ کیلئے مشکل ہے۔ وزارت خارجہ میں بیٹھ کر اس خط کی نوک پلک درست کی گئی۔


لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آپ نے قومی سلامتی کے اعلامیے کا غلط استعمال کیا۔ نیشنل سیکیورٹی کونسل کو اپنے غلط مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا۔ وہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی ہے، عمران خان بچائو کمیٹی نہیں۔ ملٹری ادارے سامنے آکر اس خط کی وضاحت کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سمجھتے ہیں کہ بدترین کارکردگی دکھا کر آپ چپ کرکے نکل جائیں گے۔ عمران خان کو آئین توڑنے کی سزا دی جائے۔ کبھی کسی آمر نے آئین کو اس طریقے نہیں توڑا جس طریقے سے عمران خان نے حملہ کیا اور اسے توڑ دیا۔