Get Alerts

آئی ایم ایف شرائط، سعودی عرب کا پاکستان کو 2 ارب کی فنڈنگ کا عندیہ

آئی ایم ایف شرائط، سعودی عرب کا پاکستان کو 2 ارب کی فنڈنگ کا عندیہ
دوست ملکوں سے 3 ارب ڈالر کی فنانسنگ میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، سعودی عرب نے 2 ارب کی فنڈنگ کا گرین سگنل دے دیا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کی تکمیل کے لیے چین کے بعد سعودی عرب نے بھی پاکستان کی مدد کی حامی بھر لی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار 10 اپریل کو امریکا جانے سے پہلے متحدہ عرب امارت کی اعلی قیادت سے بھی رابطہ کریں گے۔

ذرائع نے کہا کہ  آئی ایم ایف کو سالانہ 900 ارب روپے کی سبسڈی پر تاحال اعتراض ہے۔ آئی ایم ایف شرح سود میں مہنگائی کے حساب سے مزید اضافہ کے مطالبے اور پٹرولیم لیوی مدمیں 850 ارب روپے جمع کرنے کے مطالبے پر قائم ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پٹرول اور ڈیزل کی امپورٹ کم کرنے کے ساتھ پٹرولیم لیوی اور ٹیکسز کا شارٹ فال پورا کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اسٹاف لیول معاہدہ دوست ملکوں کی فنڈنگ سے مشروط کر دیا تھا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا تھا کہ دوست ملکوں سے پانچ ارب ڈالر کی فنڈنگ کی یقین دہانی لازمی کرانا ہوگی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ چین نے دو ارب ڈالر کی یقین دہانی کرادی ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی یو اے ای اور سعودی عرب فنڈنگ سے منسلک ہے۔ جتنی جلدی یو اے ای اور سعودی عرب یہ کنفرم کریں گے۔ اسٹاف لیول معاہدے پر بھی اتنی ہی جلدی دستخط ہو جائیں گے۔