پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا کمپین کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ منفی سوشل میڈیا مہم کے باعث شہدا کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منفی سوشل میڈیا مہم کے باعث شہدا کے لواحقین اور پاک فوج میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پوری قوم مشکل حالات میں مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔ کچھ بے حس حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تکلیف دہ اور توہین آمیز مہم چلائی گئی۔ سوشل میڈیا پر مہم ناقابل قبول اور قابل مذمت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاپتہ فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، افسران سمیت 6 جوان شہید
خیال رہے کہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے میں گذشتہ دنوں لاپتہ ہو جانے والے فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا تھا جس میں اعلیٰ عسکری حکام سوار تھے۔ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں امدادی کارروائیاں انجام دے رہا تھا کہ اس دوران اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
شہدا میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ بریگیڈیئر امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔
12 کور کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔