شہباز شریف کا بلاول بھٹو کو فون، پیپلز پارٹی کی قیادت کو ظہرانے پر مدعو کرلیا

شہباز شریف کا بلاول بھٹو کو فون، پیپلز پارٹی کی قیادت کو ظہرانے پر مدعو کرلیا
ن لیگ اور پی پی میں ایک بار پھر قربتیں بڑھنے لگیں، اپوزیشن کی دونوں بڑی پارٹیوں کا آپس میں رابطہ ہوا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے چیئرمین پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کو کل ظہرانے کی دعوت دی، بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کی دعوت قبول کرلی۔

بلاول بھٹو کل شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ظہرانے میں شرکت کریں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز اورحمزہ شہباز بھی پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری بھی کل شہباز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف کی ہدایت پر شہباز شریف پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے انضمام، ان ہاؤس تبدیلی اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔