اینکرپرسن منصور علی خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی قائدین کیساتھ ملاقات کے بعد تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کو یہ واضح پیغام پہنچا دیا گیا ہے کہ شہباز شریف ہی اب مسلم لیگ ن کو لیڈ کرینگے، مریم نواز پیچھے ہٹ گئی ہیں۔
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان ہونے والی آج اہم ملاقات پر اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بہت سے مواقع پر شہباز شریف اور مریم نواز کبھی اکھٹے نظر نہیں آئے لیکن آج ایسا نہیں تھا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ہی پورے شو کو لیڈ کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے دیکھا جا رہا ہے کہ مریم نواز میڈیا میں زیادہ نہیں آ رہی۔ ان کی جانب سے نہ تو بیانات دیئے جا رہے ہیں اور نہ ہی وہ ٹویٹر پر ہی اتنی ایکٹو نظر آتی ہیں۔ ان چیزوں کو دیکھتے ہوئے میری بات کا وزن بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک اہم چیز جو کسی نے نوٹ کی کہ شاہد خاقان عباسی سمیت مسلم لیگ ن کا کوئی اہم لیڈر اس ملاقات میں موجود نہیں تھا، اگر شخصیت وہاں موجود تھی تو وہ خواجہ سعد رفیق تھے جو شہباز شریف کے انتہائی قریبی سمجھے جاتے ہیں۔
منصور علی خان نے لیگی قیادت کی سوچ بتاتے ہوئے کہا کہ انھیں اندازہ ہے کہ اگر عمران خان کیخلاف کوئی اقدام کرنا ہے تو ایسا پیپلز پارٹی کو آن بورڈ لئے بغیر ناممکنات میں سے ہے۔ ہم صرف مولانا فضل الرحمان کیساتھ مل کر اکیلے پاور شو نہیں کر سکتے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کیساتھ اپنی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی نظر میں مریم نواز کی بہت قدر ومنزلت ہے، وہ انھیں بہت قدر اور عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں باوجود اس کے کہ ان کے درمیان ایک سیاسی پوائنٹ پر اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔