Get Alerts

ترجمان پاک فوج نے تمام افواہوں کو رد کر دیا، فواد چودھری

ترجمان پاک فوج نے تمام افواہوں کو رد کر دیا، فواد چودھری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں افواہوں کا رواج بن گیا ہے، ترجمان پاک فوج نے بھی قیاس آرائیوں کو رد کر دیا ہے۔ جب کوئی سیاستدان اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو کر سیاست نہیں کر سکتا تو اس نے افواہوں کا سہارا ہی لینا ہوتا ہے۔

یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب اور صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری ماضی کا قصہ بن چکے ہیں، ان کا نہ تو مستقبل ہے اور نہ ہی حال ہے۔ مستقبل کے لوگ اور ہیں، یہ سلسلہ زرداری اور نواز شریف کے بغیر ہی آگے چلنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید احمد ہماری سیاست کا روشن پہلو ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ ملکی سیاست کا روشن پہلو اجاگر کیا۔ ان کی سیاسی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ شیخ رشید احمد نے 1977ء میں پہلا الیکشن لڑا، اس وقت سے لے کر آج تک وہ ملکی سیاست کا محور رہے ہیں۔ شیخ رشید نے سیاسی کارکن کی حیثیت سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور آج وہ ملک کی نامور شخصیت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی شیخ رشید جس پوزیشن پر بھی ہوں، پاکستان کا میڈیا ان کو دیکھتا اور سنتا ہے۔ مستقبل کا تجزیہ کرنے اور پاکستان کی سیاست کا رخ تعین کرنے میں شیخ رشید احمد کی آواز اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کتاب ”لال حویلی سے جنرل اسمبلی تک“ میں شیخ رشید احمد نے اپنے سیاسی سفر کی کہانی پیش کی۔ کتاب کی کامیاب تقریب رونمائی پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔