Get Alerts

'میرے علاوہ شہر میں سب معصوم ہیں'

'میرے علاوہ شہر میں سب معصوم ہیں'
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لگتا ہے میرے علاوہ اس شہر میں سب معصوم ہیں. بس گناہ گار میں ہی ہوں۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ اللہ تعالی کی خاص مہربانی ہے کہ کبھی کوئی ناجائز کام نہیں کیا. پہلے بھی کہا تھا عدالتوں سے انصاف ملے گا. کیونکہ کوئی غلط کام نہیں کیا۔

سابق وزیر اعلیٰ سے سوال کیا گیا کہ عمران خان کے علاوہ سب آپ پر کرپشن اور نااہلی کا الزام لگاتے ہیں اس پر وہ کیا سوچتے ہیں؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ شہر میں سب معصوم ہیں بس گناہ گار میں ہی ہوں.لیکن وقت ثابت کرئے گا. اللہ نے یہاں سرخرو کیا اور آگے بھی کرے گا۔

سوال کیا گیا کہ نیب میں انکوائری کس کے کہنے پر لگی؟ جس پر عثمان بزدار نے کہا کہ میرے بہت سارے دوست ہیں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار احتساب عدالت لاہور میں شراب لائسنس اجرا سے متعلق کیس میں عدالت پیش ہوئے۔

وکیل عثمان بزدار نے کہا کہ شراب لائسنس انکوائری سے متعلق نیب جواب جمع کروا چکا ہے۔ نیب کی انکوائری بند کرنے کی یقین دہانی پر درخواست واپس لے لی تھی۔ بعدازاں احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ضمانت میں توسیع کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1610967179381571591