چین کے مشرقی صوبے جانگسو کی عدالت نے پاکستانی طالبعلم کو قتل کرنے کے جرم میں چینی شہری کو موت کی سزا سنا دی۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق معیز الدین، نانجنگ یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا اور 11 جولائی 2018 کو 28 سالہ کونگ نامی چینی باشندے نے معمولی تکرار کے بعد چھریوں کے پے در پے وار سے پاکستانی شہری کو قتل کردیا تھا۔
پولیس نے تکرار کی وجہ بتائی کہ کونگ کی موٹر سائیکل سے معیزالدین کو چوٹ لگی جس کے بعد دنوں میں معمولی تکرار ہوئی لیکن کونگ قریبی مارکیٹ سے پھل کاٹنے والے چھری لے آیا اور معیزالدین پر حملہ کر دیا۔ نانجنگ کی انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ نے کونگ کے دفاع میں پیش کردہ تمام دلائل مسترد کردیے اور اسے بین الاقوامی قتل قرار دیتے ہوئے مجرم کو سزائے موت سنا دی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایک بالغ کی حیثیت سے کونگ کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ کسی کے سینے پر وار کرنا موت کا باعث بن سکتا ہے۔ کونگ نے پھر بھی متاثرہ شخص کے سینے اور کمر جیسے اہم حصوں پر پے در پے چھری کے وار کیے۔ کونگ کا طرز عمل واضح کرتا ہے کہ وہ متاثرہ شخص (معیزالدین) کی موت چاہتا تھا۔
عدالت نے مقتول کی غلطی سے متعلق دفاعی دلیل کو مسترد کیا اور کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ مقتول نے جھگڑا کیا تھا۔